نیویارک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو عظیم لیڈر اور بہترین شخص قرار دیا۔ ٹرمپ نے غزہ کیلئے قائم بورڈ آف پیس میں پاکستان، قطر، اردن اور دیگر ممالک کی شمولیت کا بھی ذکر کیا۔
امریکی صدر نے اپنے خطاب میں ایران کے حوالے سے کہا کہ تہران پر دباؤ برقرار رکھنے کیلئے عالمی ممالک کو متحد رہنا ہوگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی کارروائی سے ایران کے جوہری پروگرام کو نقصان پہنچا اور ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت سمیت متعدد تنازعات کے خاتمے کیلئے کردار ادا کیا اور دنیا میں کئی جنگیں ختم کرائیں۔ انہوں نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کا بھی ذکر کرتے ہوئے امن کیلئے مزید کوششوں پر زور دیا۔امریکی صدر نے اپنے خطاب میں امریکی معیشت، روزگار اور فوجی طاقت میں اضافے سمیت اپنی حکومت کی مختلف کامیابیوں کا بھی ذکر کیا۔ ایران کے بارے میں انہوں نے کہا کہ انہیں آئندہ فیصلہ کرنا ہے کہ تہران کے معاملے میں مزید کیا اقدامات کیے جائیں۔ٹرمپ کی تقریر کے دوران ایرانی وفد نے واک آؤٹ بھی کیا۔