vosa.tv
Voice of South Asia!

کوئنز میں اپارٹمنٹ کمپلیکس کے اندر فائرنگ سے 14 سالہ لڑکا ہلاک

0

 امریکی شہر نیویارک کے علاقے کوئنز میں ایک اپارٹمنٹ کمپلیکس کے اندر فائرنگ سے 14 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق واقعہ اسکوٹر چھیننے کی کوشش کے دوران پیش آیا۔

 پولیس کے مطابق یہ واقعہ ایج میئر علاقے میں واقع اوشن بے اپارٹمنٹس میں پیش آیا۔ جائے وقوع پر پہنچنے پر پولیس کو 14 سالہ متاثرہ لڑکا اپنے اپارٹمنٹ کمپلیکس میں کمر پر گولی لگنے کی حالت میں ملا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکے کی شناخت ملاکائی ایڈمز کے نام سے ہوئی، جسے تشویشناک حالت میں کوہن چلڈرنز میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں بعد میں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ایڈمز دوست کے ساتھ باسکٹ بال کھیلنے جارہا تھا کہ اسے پیٹھ میں گولی لگی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا سبب متاثرہ لڑکے کا اسکوٹر چھیننے کی کوشش تھی، تاہم واضح نہیں کہ اسکوٹر اسی کا تھا یا نہیں۔ لڑکے کی والدہ نے بتایا کہ انہوں نے بیٹے کو باہر جانے کی اجازت دیتے ہوئے صرف احتیاط برتنے کی تاکید کی تھی۔ مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں تین افراد سیاہ ماسک اور ہوڈیز میں اسکوٹرز پر سوار دیکھے گئے۔ پولیس نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور تحقیقات جاری ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.