بلاول بھٹو کی 38 ویں کی سالگرہ، امریکا میں جیالوں کا جشن اور بھنگڑے
نیویارک (نیوزڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی 38 ویں سالگرہ نیویارک میں بھی بھرپور انداز میں منائی گئی۔ پی پی پی یو ایس اے اور نیویارک چیپٹر کے زیر اہتمام کونی آئی لینڈ ایونیو پر مقامی ریسٹورانٹ میں شاندار جشن کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈھول کی تھاپ پر جیالوں نے بھنگڑے ڈالے۔
معروف فلمساز سلیمان بٹ بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے اور ان کی آمد پروالہانہ استقبال بھی کیا گیا۔بعد ازاں بلاول بھٹو کے جنم دن کی مناسبت سے باضابطہ تقریب شروع ہوئی جس کا آغاز راجہ اسد نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا اور پارٹی قائدین کو اسٹیج پر بھی مدعو کیا۔تقریب میں پارٹی کارکنان اور مقامی کمیونٹی نے بھرپور جوش اور جذبے کے ساتھ شرکت کی۔واشنگٹن سے ہوئے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری فراز اللہ خان نے تقریب کی نظامت سنبھالی اور بلاول بھٹو کی سالگرہ پر سب کو مبارکباد دی ۔
پارٹی ورکرز سے خطاب میں پیپلز پارٹی امریکا کے صدر خالد اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خدمت کا جذبہ بلاول بھٹو کے خون میں شامل ہے، امید ہے وہ وزیر اعظم منتخب ہوکر ملک کو ترقی کی نئی راہ پر گامز ن کریں گے۔شرکا سے خطاب میں پی پی پی نیویارک کے صدر ظفر چٹھہ، جمشید گجر اور مہمان خصوصی سلیمان بٹ نےچیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت اور ان کے جمہوری وژن کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب میں جاپان سے آئی ایک فیملی نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اوربلاول بھٹو سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سینئر صحافی عظیم میاں کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست میں اتنی کم عمری میں جو سمجھ بوجھ بلاول بھٹو میں دیکھی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔تقریب میں پارٹی کے دیگر نمایاں رہنماؤں اور کارکنوں نے بھی شرکت کی۔ خواتین رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے نہ صرف ملک میں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی قائدانہ صلاحیتیوں کا لوہا منوالیا ہے۔
تقریب میں شریک دیگر پارٹی رہنماؤں نے بھی بلاول کی جمہوری جدوجہد، عوامی حقوق کے دفاع اور پاکستان کے سیاسی منظرنامے میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔بلاول بھٹو کے جنم دن کے جشن میں پارٹی کے کارکنان نے بھی اظہارِ خیال کیا۔مقررین کا کہنا تھا کہ سالگرہ نہ صرف ان کی ذاتی خوشی کا موقع ہے، بلکہ یہ دن پارٹی کے لیے ایک نئے عزم اور اتحاد کا مظہر بھی ہے۔
تقریب کے اختتام پر کارکنوں سے اپیل کی گئی ہے وہ کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے 26 ستمبر کو اقوامِ متحدہ کے باہر احتجاجی مظاہرے میں شرکت کریں۔آخر میں بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور مختلف انواع و اقسام کے کھانوں سے حاضرین کی تواضع کی گئی۔