وزیراعظم شہباز شریف 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے،عاصم افتخار
نیویارک(نیوزڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ خطاب میں جموں و کشمیر، فلسطین، موسمیاتی تبدیلی اور عالمی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا جائے گا۔
نیویارک میں وزیراعظم کے دورے کے حوالے سے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ وزیراعظم اپنے خطاب میں جموں و کشمیر اور فلسطین کے مسائل کو اجاگر کریں گے، جبکہ کثیرالجہتی تعاون، موسمیاتی تبدیلی اور موجودہ عالمی صورتحال بھی خطاب کا حصہ ہوگی۔
وزیراعظم اپنے دورۂ نیویارک کے دوران پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی کے خلاف اقدامات، اسلاموفوبیا، عالمی اقتصادی چیلنجز، اقوام متحدہ میں اصلاحات اور عالمی جنوب کو درپیش مسائل پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔وزیراعظم شہباز شریف دورے کے دوران متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ پاکستانی حکام کے مطابق ایپل کے ایگزیکٹو چیئرمین ٹِم کُک سے وزیراعظم کی ملاقات کے انتظامات کی بھی کوشش کی جا رہی ہے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار پہلے ہی نیویارک پہنچ چکے ہیں، جہاں وہ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ اسحاق ڈار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر کشمیر اور فلسطین سے متعلق اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے۔پاکستان غزہ میں تشدد کے فوری خاتمے اور مذاکرات و سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے حل کی حمایت کرتا ہے، جبکہ متعلقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بنیاد پر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا مؤقف بھی برقرار رکھتا ہے۔پاکستان اقوام متحدہ میں جموں و کشمیر کے مسئلے کو بھی باقاعدگی سے اٹھاتا رہا ہے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔