نیویارک میں حلال فوڈ فیسٹیول 2026، ہزاروں افراد کی شرکت
امریکی ریاست نیویارک کے علاقے لانگ آئی لینڈ میں سالانہ حلال فوڈ فیسٹیول 2026 گارڈن سٹی کے ناساؤ کمیونٹی کالج میں بھرپور انداز میں منعقد ہوا، جس میں مسلم اور غیر مسلم کمیونٹیز سمیت ہزاروں خاندانوں نے شرکت کی۔
دوپہر ایک بجے سے رات گیارہ بجے تک جاری رہنے والے فیسٹیول کا آغاز معروف وکیل علی شہریار کے استقبالیہ کلمات سے ہوا۔ ناساؤ کاؤنٹی کی کمپٹرولر ایلین فلپس نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور فیسٹیول کے انتظامات، مقامی معیشت میں مسلم کمیونٹی کے کردار اور کثیرالثقافتی ہم آہنگی کو سراہا۔ اس موقع پر نمایاں فوڈ اسٹالز کو ناساؤ کاؤنٹی کی جانب سے تعریفی اسناد بھی دی گئیں۔فیسٹیول کے منتظم رضا دستگیر نے کہا کہ پروگرام کا مقصد کمیونٹی کو ایک ہی جگہ مستند حلال اور معیاری کھانوں کے مختلف ذائقے فراہم کرنا ہے۔ شریک منتظم حماد نے انتظامات، سیکیورٹی اور مستقبل میں فیسٹیول کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔فیسٹیول میں 150 سے زائد اسٹالز لگائے گئے، جہاں حلال کھانوں کے علاوہ دیسی و بین الاقوامی ملبوسات، دستکاری اور زیورات بھی دستیاب تھے۔ باربی کیو، بریانی، جائرو، موموز، برگرز، کریپس، لیمونیڈ اور مختلف روایتی میٹھے شرکا کی خصوصی توجہ کا مرکز رہے۔بچوں کے لیے خصوصی تفریحی زون قائم کیا گیا تھا، جبکہ کھانے کے مقابلوں نے بھی حاضرین کی دلچسپی بڑھائی۔ فیسٹیول میں نمازِ ظہر، عصر اور مغرب کے لیے باجماعت نماز کا منظم انتظام بھی کیا گیا، جبکہ معروف نشید فنکار عمار شرف نے اپنے کلام سے حاضرین کو محظوظ کیا۔شام کے وقت پاکستان کے معروف قوال علی رضا سنتو نے صوفیانہ قوالی، حمد، نعت اور عارفانہ کلام پیش کیا، جس سے فیسٹیول کا ماحول مزید روح پرور ہوگیا۔ تقریب کے اختتام پر اسپانسرز کو اعزازی شیلڈز دی گئیں اور قرعہ اندازی کے ذریعے انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔فیسٹیول کی مرکزی فلاحی شراکت دار تنظیم ڈراپلیٹس آف مرسی تھی۔ تنظیم کی سربراہ لیزا ووگل نے صاف پانی کی فراہمی، یتیموں کی کفالت اور ہنگامی امداد کے لیے جاری فلاحی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور شرکا کے تعاون کو سراہا۔