عالمی کشیدگی کے سائے میں سونا محفوظ کرنے کی دوڑ
نیویارک (نیوز ڈیسک)نیدرلینڈز نے عالمی معاشی غیر یقینی کے باعث امریکا اور کینیڈا میں موجود 86ٹن سونا لندن منتقل کردیا۔ مرکزی بینک کے مطابق مقصد ممکنہ بحرانوں کے لیے مالیاتی تحفظ مضبوط بنانا ہے، جبکہ سونے کی قیمت میں مزید اضافے کی توقع ہے۔
دنیا میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی اور معاشی غیر یقینی کے درمیان مرکزی بینک اپنے سونے کے ذخائر کو زیادہ محفوظ اور فوری طور پر قابلِ رسائی بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔اسی سلسلے میں نیدرلینڈز کے مرکزی بینک نے امریکا اور کینیڈا میں موجود اپنے سونے کے ذخائر میں سے 86 ٹن سونا لندن منتقل کردیا ہے۔
ڈچ مرکزی بینک کے مطابق مارچ سے اگست کے دوران منتقل کیا گیا یہ سونا اب بینک آف انگلینڈ کے محفوظ خزانے میں رکھا گیا ہے۔نیدرلینڈز کے پاس امریکا اور کینیڈا میں مجموعی طور پر تقریباً 313 ٹن سونا موجود تھا۔مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ سونے کی یہ منتقلی کسی فوری معاشی بحران کی پیش گوئی نہیں، بلکہ ممکنہ شدید بحران کی صورت میں ملک کو زیادہ مضبوط اور بہتر طور پر تیار رکھنے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔
بینک آف انگلینڈ دنیا کے بڑے سونے کے محافظ اداروں میں شمار ہوتا ہے، جہاں تقریباً 4 لاکھ سونے کی اینٹیں محفوظ ہیں، جن کی مجموعی مالیت 200 ارب پاؤنڈ سے زائد بتائی جاتی ہے۔