امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنوبی ساحلی علاقوں میں سمندری طوفان میری کے باعث بڑی لہروں اور خطرناک سمندری لہروں کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے، جس پر حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق طوفان کے باعث بعض ساحلوں پر لہریں 10 فٹ تک بلند ہوگئیں جبکہ خطرناک تیز دھاریں تیراکوں کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتی ہیں۔قومی محکمہ موسمیات نے شہریوں کو صرف لائف گارڈز کی موجودگی میں تیراکی کرنے اور سمندر میں پتھریلے حصوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ لانگ بیچ میں حکام نے تین روز تک ساحلوں اور خلیج میں تیراکی نہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔نیپورٹ بیچ میں ہفتے کے روز لائف گارڈز نے 177 افراد کو سمندر سے ریسکیو کیا۔ حکام کے مطابق سمندری لہروں اور تیز دھاروں کی خطرناک صورتحال آئندہ چند روز تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔طوفان کے باعث ساحلی علاقوں میں سیلاب، سڑکوں، سائیکل ٹریکس اور نشیبی آبادیوں میں پانی جمع ہونے کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔