امریکا میں امیگریشن گرفتاریاں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں
امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ نے جولائی میں 49 ہزار 571 گرفتاریاں کیں، جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری مدت میں کسی ایک ماہ کے دوران سب سے زیادہ تعداد ہے۔
امریکی حکومتی اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں ہونے والی گرفتاریاں جون کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ رہیں، جب 43 ہزار 21 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں روزانہ اوسطاً 1,599 افراد گرفتار ہوئے۔ تقریباً نصف گرفتاریاں ٹیکساس، فلوریڈا، کیلیفورنیا اور جارجیا میں ہوئیں۔ماہرین کے مطابق گرفتاریوں میں اضافے کی ایک وجہ آئی سی ای کی جانب سے امیگریشن چیک اِن، ہوائی اڈوں اور امیگریشن عدالتوں سمیت مختلف مقامات پر کارروائیوں میں اضافہ ہے۔این پی آر کے مطابق جولائی میں ہیٹی کے ان تارکین وطن کے خلاف بھی گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہوا جن کا عارضی محفوظ حیثیت (ٹی پی ایس) کا درجہ ختم کردیا گیا تھا۔