پاکستان کے یوم ِآزادی پر نیویارک میں تاریخی بروکلین میلا منعقد
پاکستان کے یوم ِآزادی پر نیویارک میں تاریخی بروکلین میلا منعقد ہوا۔ جس میں مہمان خصوصی گورنر نیویارک کیتھی ہوکل سمیت دیگر امریکی آفیشلز، پولیس کے اعلیٰ افسران اور کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی
پاکستانی امریکن مرچنٹس ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام پاکستان کےاناسی ویں جشن ِ آزادی پر ہر سال کی طرح اس سال بھی کونی آئی لینڈ ایونیو پر تاریخی بروکلین میلے کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی ابتداء تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوئی۔ پاکستانی امریکن مرچنٹس ایسو سی ایشن کے چئیرمین جاوید خان نے صدر پرویز اختر کو تلاوت کلام پاک کے لئے مدعو کیا۔پاکستانی امریکن مرچنٹس ایسو سی ایشن کے صدر پرویز اختر نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی۔بعدازاں رانا اخلاق اور اصغر چشتی نے بارگاہ رسالت میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔میلے میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک تھی۔تقریب کی نظامت پاکستانی امریکن مرچنٹس ایسو سی ایشن کے جنرل سیکرٹری عزیز بٹ کر رہے تھے، جنہوں نے شرکاء سے میلہ کمیٹی کا تعارف کروایا۔اس موقع پر کونسل آف پیپلز آرگنائزیشن کے سربراہ محمد رضوی نے گورنر نیو یارک کیتھی ہوکل سمیت دیگر امریکن آفیشلز کا شاندار انداز میں تعارف کروایا۔گورنر کیتھی ہوکل نے پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی امریکی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن پاکستان کی آزادی، اس کی شاندار روایات اور روشن مستقبل کے خوابوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع ہے۔ انہوں نے اس پُرمسرت موقع پر پاکستانی کمیونٹی کے تمام افراد کو دلی مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر کانگریس وومن ایوٹ کلارک نے بروکلین میلے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آزادی کی 79ویں سالگرہ کے موقع پر لٹل پاکستان آنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس نے اپنی ثقافت اور روایات کے ذریعے نیویارک شہر، ریاست اور امریکہ میں نمایاں مقام بنایا ہے۔ انہوں نے پاکستانی میلے، کوپو اور دیگر تنظیموں کا کمیونٹی کو مضبوط بنانے میں کردار پر شکریہ ادا کیا۔جبکہ دیگر امریکی آفیشلز نے بھی میلے کے منتظمین کو اس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے جشن آزادی کی مبارکباد دی، امریکی آفیشلز کا کہنا تھا وہ کمیونٹی کے ساتھ مل کر شہر کی بہتری کے لیے کام کرتے رہیں گے۔بروکلین میلہ کمیٹی 2026 کے چئیرمین پہنچے تو ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر ان کاوالہانہ استقبال کیا گیا۔شرکاء سے خطاب میں سلمان بٹ نے سب کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہر سال یہ میلہ بھرپور جوش و خروش سے منعقد کیا جاتا ہے اور اس میلے کی کامیابی میں پوری کمیٹی کی محنت شامل ہے۔اس موقع پر صدر بروکلین میلہ سہیل سید نے بھی تمام مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پردیگرمقررین نے بھی بروکلین میلہ کو نیویارک کا تاریخی میلہ قرار دیتے ہوئے اسکے انعقاد کو سراہا۔میلے میں نیو یارک پولیس ڈپارٹمنٹ کے پہلے پاکستانی نژا د انسپکٹر عدیل رانا سمیت دیگر اعلیٰ پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر عدیل رانا اور وحید اختر نے کمیونٹی کو جشن آزادی کی مبارکباد بھی پیش کی۔پاکستان کے جشنِ آزادی پر بروکلین میلے میں مرچننٹ ایسو سی ایشن، میلہ کمیٹی،کمیونٹی کی سماجی شخصیات،پولیس افسران اور امریکی آفیشلز کو ان کی خدمات کے اعتراف میں تعریفی اسناد اور ایوارڈز سے نوازا گیا۔تقریب میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار دیکھنے میں آئی اور شرکا نے بھی قومی پرچم کے ر نگوں کے مشابہہ ملبوسات زیب تن کر رکھے تھے جبکہ شرکاء پاکستان زندہ باد کے نعروں سے ماحول گرماتے رہےمیلے میں مدعو کیے گئے مشہورو معروف گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا تو شرکاء جھوم اُٹھے۔ میلے میں مشرقی ملبوسات و دیدہ زیب جیولر ی کے اسٹالز لگائے گئے جہاں سے لوگوں نے خریداری بھی کی۔میلے میں مختلف انواع و اقسام کے کھانے اور مشروبات کا بھی اہتمام تھا۔