پاکستان کے یومِ آزادی پر پاکستانی امریکن کمیونٹی آف یو ایس اے کا شاندار پروگرام
پاکستان کے 79 یومِ آزادی پر پاکستانی امریکن کمیونٹی آف یو ایس اے نے جشنِ آزادی کا شاندار پروگرام منعقد کیا۔کشمیر سمیت پاکستان کے تمام صوبوں کی ثقافتی پرفارمنس ، ملکی تاریخ پر اسٹیج پلے نے محفل لوٹ لی۔ گلوکار علی عظمت کی آواز نے حاضرین میں جوش و جذبے اور ولولہ تازہ کردیا۔ نمایاں شخصیات کو ایوارڈ اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔
مادرِ وطن کے 79 ویں یومِ آزادی پر پیک یو ایس اے کے زیر اہتمام اور ناساو کاونٹی ایگزیکٹیو بروس بلیک مین کے تعاون سے لانگ آئی لینڈ کے آئزن ہوور پارک میں شاندار تقریب اور میوزک شو کا اہتمام کیا تقریب کے آغاز پر ایازصدیقی نے تلاوتِ کلام پاک کا شرف حاصل کیا۔تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر امریکا اور پاکستان کے قومی ترانے بھی بجائے گئے ۔آزادی فیسٹول میں ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار دکھائی دی ۔شرکا کی اکثریت نے سبز و سفید لباس زیب تن کر رکھے تھے ۔۔تقریب کی نظامت پیک یو ایس اے کے جنرل سیکرٹری عاصم ملک کر رہے تھے جنھوں نے مہمانوں کا تعارف کرایا، ان کی آمد پر خیر مقدم کیا۔ تقریب میں پاکستان کے چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر کی ثقافت کے رنگ نمایاں رہے، مختلف گروپس پر مشتمل افراد نے سندھ، پنجاب، خیبر پختونخواہ ، بلوچستان اور کشمیر کی ثقافتی لباس میں ملبوس ہوکر اپنی پرفامنس پیش کیں ۔شرکا نے جشن آزادی کے اس فنکشن کو بھرپور انجوائے کیا۔ سبز ہلالی پرچم کے مشابہہ لباس میں ملبوس پیک یو ایس کے صدر سلمان شیخ نے اپنے منفرد انداز میں 1947میں ریڈیو پاکستانی کی پہلی نشریات کا اعلان دہرایا۔ تقریب میں پاکستان کی تاریخ اور جدوجہدِ آزادی کے مختلف ادوار پر مبنی اسٹیج پلے نے بھی محفل لوٹ لی۔ فنکاروں کی جاندار اداکاری اور تاریخی واقعات کی عکاسی کو حاضرین نے بھرپور سراہا۔جشنِ آزادی فیسٹول کے شرکا کو مختلف انعامات بھی دیے گئے ۔ پیک یو ایس اے کی سینئر وائس پریذیڈنٹ مدیحہ مصطفیٰ اور ڈائریکٹرز میں شامل انعم محسن، مریم جلیل، محمد گل اور ترجمان ہمایوں شبیر نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پیک یو ایس اے کے ڈائریکٹرز اور دیگر ممبران کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی نئی نسل کو پاکستان کی تاریخ، ثقافت اور روایات سے جوڑنے کے لیے ایسی تقریبات کا انعقاد جاری رکھیں گے۔جشنِ آزادی فیسٹول میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جوش و جذبے کے ساتھ شرکت نے یہ واضح پیغام دیا کہ وہ دنیا میں کہیں بھی رہیں ان کے دل پاکستان کےساتھ ہی دھڑکتے ہیں ،ا س موق پر گلوکارہ صائمہ جہاں نے ملی نغمہ پیش کرکے حاضرین کا لہو گرمایا۔۔جشنِ آزادی کی تقریب میں امریکی آفیشلز سمیت پاکستانی امریکن کمیونٹی کے رہنماؤں، سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔مقررین نے شرکا کو یوم آزادی کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر ناساو کاونٹی ایگزیکٹیو کے سینئر چودھری اکرم اور آفس اف ایشئن امریکن افیئرز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر عون نقوی نے امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی امریکن کمیونٹی اسی طرح متحد رہے گی ۔پاکستانی پرچم کے رنگوں، ثقافتی روایات اور ملی جذبے سے سجی اس پر رونق تقریب میں معروف گلوکار علی عظمت نے اپنی آواز کا جادو جگایا تو شرکا کا جوش و جذبہ مزید بڑھ گیا۔۔ تقریب کے دوران مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو ایوارڈز اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔پیک یو ایس اے کے زیر اہتمام یہ جشنِ آزادی فیسٹول نیویارک میں مقیم پاکستانی امریکن کمیونٹی کو ہمیشہ یاد رہے گا۔