نیویارک: عید میلاد النبی کی مناسبت سے محفلِ میلاد شریف و نعتیہ تقریب
عید میلاد النبی کی مناسبت سے نیویارک کے علاقے ہنٹنگٹن میں ایک روح پرور محفلِ میلاد شریف اور نعتیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقامی مسلم کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ محفل میں خواتین کے لیے الگ اور باوقار انتظام بھی کیا گیا، جبکہ تقریب کے اختتام پر شرکا اور معزز مہمانوں کے لیے خصوصی عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔
فلاحی تنظیم پیپلز آرگنائزیشن فار ویلفئیر ایکوئیلٹی اینڈ ریفارم اور مسجد عائشہ کمیونٹی سینٹر کے زیرِ اہتمام محفل میلاد کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، بعد ازاں محفل کے خصوصی مہمان اور عالمی شہرت یافتہ معروف نعت خواں الحاج عمران شیخ عطاری نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں اپنے منفرد انداز میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔ان کی پرسوز آواز اور عقیدت و محبت سے بھرپور نذرانۂ نعت پر حاضرین نے والہانہ انداز میں درود و سلام اور دیگر روحانی اذکار کے ذریعے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔الحاج عمران شیخ عطاری نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں اپنے منفرد، پُرسوز اور دلنشیں انداز میں نعت رسول مقبول پیش کرکے محفل کو ایمان افروز اور روح پرور بنا دیا۔بعد ازاں قصیدہ بردہ شریف بھی پڑھا گیا۔محفل کے اختتام پر سلام پیش کیا گیا۔بعد ازاں امتِ مسلمہ کے اتحاد و اتفاق، دنیا بھر میں امن و سلامتی، مظلوم انسانیت کے لیے آسانیوں اور ملک و قوم کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی اجتماعی دعا کی گئی۔اس موقع پر پاور کی بانی اور سی ای او طاہرہ دین نے میلاد النبی ﷺ کی فضیلت و اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمارے لیے زندگی کے ہر شعبے میں بہترین رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ انہوں نے امتِ مسلمہ کو سیرتِ مصطفیٰ ﷺ کی پیروی، باہمی محبت و اتحاد، معاشرتی ذمہ داری اور کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے مل جل کر کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ہنٹنگٹن میں منعقد ہونے والی اس پروقار تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، بزرگوں، نوجوانوں اور خاندانوں سمیت کمیونٹی کے ارکان نے بھرپور شرکت کی۔ روح پرور محفل کے اختتام پر شرکا اور معزز مہمانوں کے لیے خصوصی کھانے کا باقاعدہ اہتمام بھی کیا گیا، شرکا نے ایسی دینی، روحانی اور فلاحی سرگرمیوں کے تسلسل کو کمیونٹی کے اتحاد اور نئی نسل کی دینی و اخلاقی تربیت کے لیے انتہائی مفید قرار دیا۔