امریکی ریاست انڈیانا میں کئی روز سے جاری شدید بارشوں، طوفان اور ریکارڈ سیلاب کے باعث کم از کم 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
اے پی کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 4 سالہ بچہ، دو مرد اور تین خواتین شامل ہیں۔ شدید بارشوں کے بعد دریائے وائٹ میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی، جس کے باعث انڈیانا پولس کے نشیبی علاقوں سے سیکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ریسکیو اہلکاروں نے تیزی سے بڑھتے پانی میں پھنسے شہریوں کو کشتیوں کے ذریعے نکالا جبکہ شہر میں متاثرہ افراد کے لیے شیلٹرز بھی کھلے رہے۔دریائے وائٹ میں پانی کی سطح 24 فٹ سے تجاوز کرگئی، جو 1913 میں قائم ریکارڈ سے بھی زیادہ ہے۔ انڈیانا پولس کے میئر جو ہوگسٹ نے اسے گزشتہ 30 برس کے دوران شہر کا بدترین سیلاب قرار دیا۔ریاست بھر میں سیلاب کے باعث سڑکوں اور پلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا جبکہ متعدد مقامات پر راستے مکمل طور پر بہہ گئے۔ ریاست میں تقریباً 1 لاکھ 30 ہزار صارفین بجلی سے محروم رہے، تاہم یہ تعداد ایک وقت میں 3 لاکھ تک پہنچ گئی تھی۔حکام کے مطابق ریاست میں 350 سے زائد انخلا اور متعدد امدادی کارروائیاں کی جاچکی ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گورنر مائیک براؤن کی درخواست پر سیلاب سے نمٹنے اور بحالی کے لیے وفاقی ہنگامی امداد کی منظوری بھی دے دی ہے۔