امریکہ کی نیشنل ویدر سروس کی ٹیمیں شمالی نیو جرسی اور ویسٹ چیسٹر کاؤنٹی میں شدید طوفان کے بعد ٹورنیڈو سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے سروے کریں گی۔
منگل کو آنے والے شدید طوفان کے بعد مورس اور ایسیکس کاؤنٹیز میں تباہی کے آثار دیکھے گئے، جہاں دو ممکنہ بگولوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔رپورٹس کے مطابق پہلا ممکنہ بگولا دوپہر تقریباً 2 بجے مورس اور سسیکس کاؤنٹی کی سرحد کے قریب اسٹین ہوپ کے علاقے میں دیکھا گیا۔ تیز ہواؤں کے باعث انٹر اسٹیٹ 80 اور روٹ 206 کے اطراف متعدد درخت گر گئے۔دوسری جانب پارسپنی سے سامنے آنے والی ویڈیو میں تقریباً 2 بج کر 45 منٹ پر زمین کے قریب بادلوں کا گھومتا ہوا منظر دیکھا گیا، جو ٹرائے ہلز کے شمال میں واقع ایک گالف سینٹر کے قریب ریکارڈ کیا گیا۔طوفان کے باعث کئی علاقوں میں درخت اور بجلی کی لائنیں گر گئیں، جبکہ بدھ کی دوپہر تک متعدد صارفین بجلی سے محروم رہے۔مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ شدید موسمی صورتحال کے دوران ان کے موبائل فون پر وارننگ موصول ہوئی، جس کے بعد لوگ احتیاطاً عمارتوں کی لابیوں اور راہداریوں میں جمع ہوگئے۔