تقریباً پچیس برس بعد ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی بحالی کا آخری اہم مرحلہ شروع ہوگیا، جہاں نئی دفتری عمارت ٹو ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔
یہ 55 منزلہ عمارت ورلڈ ٹریڈ سینٹر کمپلیکس میں اوکیولس کے شمال میں تعمیر کی جائے گی اور اس میں معروف مالیاتی ادارہ امریکن ایکسپریس اپنا نیا عالمی ہیڈکوارٹر قائم کرے گا۔سنگِ بنیاد کی تقریب میں نیویارک کے میئر ظہران ممدانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ میئر کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ شہر کے مستقبل پر اعتماد، روزگار کے نئے مواقع اور مقامی معیشت میں سرمایہ کاری کی علامت ہے۔حکام کے مطابق تقریباً 20 لاکھ مربع فٹ رقبے پر مشتمل اس عمارت میں 10 ہزار تک ملازمین کام کر سکیں گے، جبکہ منصوبہ 2031 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔تعمیراتی منصوبے سے 3 ہزار 200 سے زائد ملازمتیں پیدا ہوں گی اور اس سے نیویارک شہر کی معیشت میں تقریباً 5 ارب 90 کروڑ ڈالر جبکہ ریاستی معیشت میں 6 ارب 30 کروڑ ڈالر کا اضافہ متوقع ہے۔