امریکا نے سیاحتی اور کاروباری ویزا حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے ایک نئی پریمیم سروس متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت اضافی 750 ڈالر ادا کرکے ویزا انٹرویو کی اپائنٹمنٹ 10 کاروباری دنوں کے اندر حاصل کی جا سکے گی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ پائلٹ پروگرام یکم جولائی 2026 سے 31 دسمبر 2026 تک جاری رہے گا اور اس کا اطلاق صرف B1 (کاروباری) اور B2 (سیاحتی) ویزوں پر ہوگا۔ اس نئی سہولت کے تحت درخواست گزاروں کو معمول کی 185 ڈالر ویزا فیس کے علاوہ 750 ڈالر اضافی ادا کرنا ہوں گے، جس کے بعد مجموعی فیس 935 ڈالر بن جائے گی۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ اضافی ادائیگی صرف جلد انٹرویو حاصل کرنے کے لیے ہوگی اور اس سے ویزا منظوری کے امکانات میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔امریکی حکام کے مطابق 2026 فیفا ورلڈ کپ اور 2028 لاس اینجلس اولمپکس جیسے بڑے عالمی ایونٹس کے پیش نظر امریکا آنے والے مسافروں کی تعداد میں اضافے کی توقع ہے۔ اسی لیے یہ پروگرام شروع کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں مستقل بنیادوں پر تیز رفتار ویزا سروس متعارف کرانے کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔ اندازہ ہے کہ سالانہ 25 ہزار سے زائد افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔محکمہ خارجہ نے مزید وضاحت کی کہ نئی پریمیم سروس صرف انٹرویو کے وقت کو مختصر کرے گی، جبکہ سیکیورٹی جانچ، پس منظر کی چھان بین، ویزا اہلیت کے معیار اور اضافی انتظامی کارروائی کا عمل بدستور معمول کے مطابق جاری رہے گا۔