vosa.tv
Voice of South Asia!

کویت کا بڑا فیصلہ، گھریلو ملازمین اور ڈرائیورز کے لیے آن لائن ویزا سروس شروع

0

کویت کی وزارتِ داخلہ نے گھریلو ملازمین اور ڈرائیورز سے متعلق خدمات کے لیے نئی آن لائن ویزا اور ڈیجیٹل سروس متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت شہری اور غیر ملکی رہائشی اب مختلف درخواستیں اور سرکاری امور گھر بیٹھے مکمل کر سکیں گے۔

یہ سہولت کویت کی متحدہ سرکاری ایپلیکیشن “سہل” کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہے، جسے پبلک اتھارٹی فار مین پاور اور وزارتِ داخلہ کے آئی ٹی سیکٹر کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد سرکاری خدمات کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانا، درخواستوں کے عمل کو تیز کرنا اور دفاتر کے غیر ضروری چکر ختم کرنا ہے۔نئے نظام کے تحت صارفین گھریلو ملازمین اور ڈرائیورز کی بھرتی، کفالت اور رہائشی امور سے متعلق مختلف درخواستیں آن لائن جمع کرا سکیں گے، جس سے وقت کی بچت اور انتظامی کارکردگی میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔اس کے ساتھ وزارتِ داخلہ نے کفالت سے متعلق نئے قواعد بھی جاری کیے ہیں، جن کے مطابق مختلف سماجی حیثیت کے افراد کے لیے گھریلو ملازمین اور ڈرائیورز کی تعداد محدود کر دی گئی ہے۔ غیر شادی شدہ خواتین صرف ایک گھریلو ملازمہ رکھ سکیں گی جبکہ شادی شدہ، مطلقہ یا بیوہ خواتین کے لیے ایک گھریلو ملازم اور ایک ڈرائیور کی اجازت ہوگی۔اسی طرح شادی شدہ یا اپنے خاندان کے ساتھ رہنے والے مرد زیادہ سے زیادہ تین گھریلو ملازمین اور ایک ڈرائیور کی کفالت کر سکیں گے، جبکہ غیر شادی شدہ مردوں کو صرف ایک ڈرائیور رکھنے کی اجازت ہوگی۔وزارت کے مطابق یہ اقدامات نظام میں شفافیت بڑھانے، غلط استعمال کو روکنے اور گھریلو شعبے میں افرادی قوت کے بہتر انتظام کے لیے کیے گئے ہیں، جس سے مجموعی طور پر سرکاری خدمات مزید مؤثر اور آسان ہو جائیں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.