امریکی ریاست نیو جرسی کے شہر نیوارک میں واقع ڈیلینی ہال حراستی مرکز کے باہر امیگریشن حکام اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی، جہاں زیر حراست افراد کی بھوک ہڑتال بھی جاری ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق احتجاج میں مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ آئی سی ای اہلکاروں نے ان کے خلاف پیپر اسپرے اور لاٹھیوں کا استعمال کیا، تاہم امریکی محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارروائی اس وقت کی گئی جب مظاہرین نے مرکز کے داخلی راستے بلاک کر دیے تھے۔رپورٹس کے مطابق یہ احتجاج اس وقت شدت اختیار کر گیا جب حکام ایک زیر حراست شخص مارٹن سوٹو کو دوسرے مرکز منتقل کر رہے تھے۔ مظاہرین نے اسے روکنے کی کوشش کی، جس کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی اور سڑکیں بند کر دی گئیں۔احتجاج میں شریک افراد کا کہنا ہے کہ بھوک ہڑتال کا آغاز تقریباً 300 قیدیوں کے دستخط شدہ خط کے بعد ہوا جس میں ناقص حالات اور طبی سہولیات کی کمی پر احتجاج کیا گیا تھا۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ حکام نے قیدیوں کی شکایات پر سخت رویہ اختیار کیا۔