امریکی حکام نے ایک چینی شہری کو حساس فوجی معلومات حاصل کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے، جس کے بعد سکیورٹی اداروں نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔
تیانروئی لیانگ کو نیبراسکا میں واقع ایئر فورس بیس پر موجود فوجی طیاروں کی غیر قانونی تصاویر لینے کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔ حکام کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر اس بیس کا دورہ کیا جو امریکی اسٹریٹیجک کمانڈ کے لیے نہایت اہم سمجھا جاتا ہے۔تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ لیانگ اس واقعے سے قبل ساؤتھ ڈکوٹا میں ایک اور فضائی اڈے کے قریب بھی موجود تھا۔ بعد ازاں وہ امریکا کے مختلف علاقوں کا سفر کرتا ہوا نیویارک پہنچا جہاں اسے جان ایف کینیڈی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔عدالتی کارروائی کے دوران ابتدائی طور پر ملزم کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا، تاہم وفاقی پراسیکیوٹرز کی اپیل پر عدالت نے فیصلہ واپس لیتے ہوئے اسے دوبارہ تحویل میں لینے کا حکم دیا۔ اس وقت ملزم امریکی حکام کی تحویل میں ہے اور اسے مزید کارروائی کے لیے نیبراسکا منتقل کیا جا رہا ہے۔امریکی اٹارنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فوجی تنصیبات سے متعلق حساس معلومات حاصل کرنے کی کسی بھی غیر قانونی کوشش کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔حکام کے مطابق یہ مقدمہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور ملزم کو جرم ثابت ہونے تک بے گناہ تصور کیا جائے گا، تاہم تحقیقات جاری ہیں اور مزید الزامات بھی سامنے آ سکتے ہیں۔