امریکی ریاست نیو جرسی کے محکمہ صحت نے نیوارک ایئرپورٹ پر خسرہ کے ممکنہ پھیلاؤ کے خدشے پر مسافروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق ہڈسن کاؤنٹی کے ایک رہائشی میں بیرون ملک سفر کے بعد خسرہ کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد یہ خدشہ پیدا ہوا کہ وہ ایئرپورٹ پر دیگر افراد کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔ رواں سال نیو جرسی میں خسرہ کا یہ پہلا تصدیق شدہ کیس ہے۔محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 14 اپریل کو صبح ساڑھے پانچ بجے سے 9 بجے کے درمیان نیوارک لبرٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل بی پر موجود افراد وائرس کے خطرے سے دوچار ہو سکتے ہیں۔اس کے علاوہ 17 اور 18 اپریل کے دوران ہیکنسیک یونیورسٹی میڈیکل سینٹر کے پیڈیاٹرک ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں بھی ممکنہ ایکسپوژر کی نشاندہی کی گئی ہے۔حکام نے مسافروں اور شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اگر ان میں خسرہ کی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر طبی امداد حاصل کریں اور مزید پھیلاؤ سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔