برطانیہ کی معروف یونیورسٹی آف لیسٹر نے خلا اور انسانی معاشرے سے متعلق تحقیق کے لیے مکمل فنڈڈ پی ایچ ڈی اسکالرشپس کا اعلان کر دیا ہے۔
یہ مواقع لیورہولم سینٹر فار ہیومینٹی اینڈ اسپیس کے تحت فراہم کیے جا رہے ہیں، جس کا مقصد خلا اور انسانی زندگی کے تعلق کو مختلف زاویوں سے سمجھنا ہے۔اس پروگرام کے تحت پانچ مختلف تحقیقی شعبوں میں طلبہ کو منتخب کیا جائے گا، جن میں خلائی سیکیورٹی، انسانی صحت اور کارکردگی، یو ایف او ریکارڈز، زمین و خلا کی پائیداری، اور یورپی خلائی حکمت عملی شامل ہیں۔ یہ پروگرام سائنس کے ساتھ ساتھ سماجی علوم، تاریخ اور ثقافت کو بھی شامل کرتا ہے۔منتخب امیدواروں کو چار سال کے لیے مکمل ٹیوشن فیس، سالانہ وظیفہ اور ماہانہ اخراجات فراہم کیے جائیں گے، تاکہ وہ بغیر مالی دباؤ کے اپنی تحقیق مکمل کر سکیں۔ یہ مواقع مقامی اور بین الاقوامی دونوں طلبہ کے لیے کھلے ہیں۔درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 26 اپریل 2026 مقرر کی گئی ہے جبکہ پروگرام کا آغاز 21 ستمبر 2026 سے ہوگا۔ ماہرین کے مطابق یہ اسکالرشپ نہ صرف تعلیمی ترقی بلکہ عالمی سطح پر خلائی تحقیق میں کردار ادا کرنے کا ایک نادر موقع فراہم کرتی ہے۔