نیویارک کے میئر ممدانی نے اس موسمِ بہار کے دوران ایک اہم اسٹریٹ ری ڈیزائن منصوبہ شروع کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مین ہیٹن میں بروکلین برج تک سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کی رسائی کو مستقل طور پر بہتر بنایا جائے گا۔
یہ اقدام آئندہ فٹبال ورلڈ کپ سے قبل متوقع لاکھوں سیاحوں کے پیش نظر کیا جا رہا ہے۔منصوبے کے تحت سینٹر اسٹریٹ کے راستے بروکلین برج کے داخلی مقام پر سائیکل سواروں کے لیے علیحدہ راستہ قائم کیا جائے گا، جس سے پہلی بار سائیکل اور پیدل آمد و رفت کو مکمل طور پر الگ کر دیا جائے گا۔ حکام کے مطابق یہ کام آئندہ چند ہفتوں میں شروع ہو کر جون میں ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل مکمل کر لیا جائے گا، جس سے شہر کے مصروف ترین علاقوں میں آمد و رفت زیادہ محفوظ اور منظم ہو جائے گی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق روزانہ تقریباً تیس ہزار پیدل افراد اور پانچ ہزار سے زائد سائیکل سوار بروکلین برج استعمال کرتے ہیں۔ سنہ 2021 میں سائیکل کے لیے مخصوص لین قائم کیے جانے کے بعد سائیکل سواروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا، جبکہ نئے منصوبے کے تحت مین ہیٹن کے داخلی مقام پر موجود بھیڑ اور خطرات کو کم کرنے کے لیے پیدل راستوں کو بھی کشادہ کیا جائے گا۔شہری انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ ورلڈ کپ سے قبل شہر میں جاری دیگر ترقیاتی اقدامات کا حصہ ہے، جن میں سڑکوں کی بہتری، فٹ پاتھ کی توسیع اور سائیکلنگ انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن شامل ہے، تاکہ نیویارک آنے والے لاکھوں افراد کے لیے شہر کو مزید محفوظ اور قابلِ رسائی بنایا جا سکے۔