نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی نے سستی رہائش کے حوالے سے بروکلین میں نئے ہاؤسنگ منصوبے کا آغاز کر دیا۔
شہر کو درپیش اربوں ڈالر کے بجٹ خسارے کے باعث انتظامیہ نے کرایہ معاونت پروگرام میں توسیع کے عدالتی حکم کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میئر ممدانی نے بروکلین کے علاقے بیڈفورڈ اسٹوئیوسنٹ میں "نیبرہڈ بلڈرز فاسٹ ٹریک” پروگرام متعارف کرایا، جس کا مقصد سرکاری زمین پر سستی رہائش کی تعمیر کو تیز کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے عمل کو کم کرکے تعمیراتی مدت میں ڈھائی سال تک کمی لانے کی کوشش کی جائے گی، جبکہ اسی نوعیت کے مزید منصوبے برونکس اور کوئنز میں بھی شروع کیے جائیں گے۔دوسری جانب شہریوں نے بڑھتے ہوئے کرایوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے، جہاں گزشتہ برسوں میں بعض علاقوں میں کرایوں میں نمایاں اضافہ ہوا اور مقامی رہائشیوں کے لیے رہائش مشکل ہو گئی ہے۔ کئی افراد نے اس بات پر زور دیا کہ سستی رہائش واقعی عام شہریوں کی پہنچ میں ہونی چاہیے۔میئر ممدانی نے واضح کیا کہ شہر کو تقریباً 5 ارب ڈالر سے زائد کے بجٹ خسارے کا سامنا ہے، جس کے باعث مہنگے منصوبوں پر نظرثانی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بے گھر شہریوں کے مسئلے کے حل کے لیے پائیدار حکمت عملی اپنائی جائے گی، جبکہ پراپرٹی ٹیکس میں اضافے سے حتیٰ الامکان گریز کیا جائے گا۔