امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی بندش کے معاملے پر ایران کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر اس اہم گزرگاہ کو فوری طور پر نہ کھولا گیا تو امریکا سخت کارروائی کرے گا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے لیے نہایت اہم ہے اور اس کی بندش ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ مطالبات نہ مانے جانے کی صورت میں ایران کے بڑے پاور پلانٹس کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ امریکا پہلے ہی ایران کے خلاف اپنے اہداف حاصل کر چکا ہے اور ایرانی دفاعی صلاحیتیں شدید متاثر ہو چکی ہیں، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس وقت کسی معاہدے کے خواہاں نہیں۔دوسری جانب ایران نے امریکی دھمکیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس کے توانائی مراکز کو نشانہ بنایا گیا تو مشرق وسطیٰ میں امریکی تنصیبات پر حملے کیے جائیں گے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔