vosa.tv
Voice of South Asia!

مشرقِ وسطیٰ بحران، حملوں اور جھڑپوں سے صورتحال سنگین

0

مشرقِ وسطیٰ میں ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے دوران ایران کے شہر سنندج پر میزائل حملوں میں کم از کم دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ 

رپورٹس کے مطابق پولیس اسٹیشن کے قریب واقع متعدد رہائشی عمارتیں تباہ ہوئیں جبکہ شہر کے مختلف حصوں، جن میں گنجان آباد علاقے بھی شامل ہیں، کو نشانہ بنایا گیا۔ حملوں کے بعد آگ کے شعلے اور دھوئیں کے بادل فضا میں بلند ہوتے دیکھے گئے۔عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات نے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات معطل کرتے ہوئے تہران میں اپنا سفارتخانہ بند کر دیا اور سفیر کو واپس بلا لیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق امارات میں مبینہ ایرانی حملوں کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ حکام کی جانب سے مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔دوسری جانب ایران کی جانب سے سعودی عرب کی بڑی آئل کمپنی سعودی آرامکو کی تنصیب پر ڈرون حملے کی اطلاعات ہیں، جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ اس واقعے نے عالمی توانائی مارکیٹ میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ اسی دوران ترکیہ میں ایک امریکی فوجی اڈے، قبرص میں برطانوی ملٹری بیس، اصفہان میں ایک امریکی ڈرون اور کویت میں امریکی طیاروں کو نشانہ بنانے یا تباہ ہونے کی غیر مصدقہ رپورٹس بھی سامنے آئی ہیں۔لبنان میں حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جھڑپیں بھی شدت اختیار کر گئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ان کارروائیوں میں اکتیس افراد جاں بحق اور ایک سو انچاس زخمی ہوئے، جبکہ حزب اللہ کے رہنما محمد رعد کی شہادت کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔خطے کی بگڑتی صورتحال کے باعث عالمی فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایک ہزار دو سو انتالیس پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ پاکستان میں گزشتہ تین دن کے دوران پانچ سو سے زائد پروازیں منسوخ ہونے سے ہزاروں مسافر مختلف ایئرپورٹس پر پھنس گئے ہیں۔ مختلف ایئرلائنز نے مشرقِ وسطیٰ کی فضائی حدود سے گزرنے والی پروازیں یا تو معطل کر دی ہیں یا متبادل راستوں پر منتقل کر دیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.