نیویارک:ون نیشن اس کے زیر اہتمام سالانہ رمضان افطار ڈنر کا انعقاد
نیو یارک میں سماجی و فلاحی تنظیم ون نیشن اس کے زیر اہتمام سالانہ افطار ڈنر کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں کمیونٹی کے معززین، سماجی شخصیات، کاروباری افراد اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
نیو یارک کے علاقے کونی آئی لینڈ ایونیو بروکلین کے مقامی ریسٹورنٹ میں منعقدہ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا بعد ازاں بارگاہ رسالت میں نعت رسول مقبول پیش کی گئی تقریب کی نظامت ون نیشن اس کے سیکرٹری راجا طاہر نے کی، اور تنظیم کے نمائندگان اور مہمانوں کو خوش آمدید کہامہمانِ خصوصی حضرت علامہ مفتی مقصود احمد قادری نے اپنے خطاب میں رمضان المبارک کی فضیلت، تقویٰ کی اہمیت اور معاشرتی ذمہ داریوں پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ روزہ انسان کو نہ صرف روحانی طور پر مضبوط بناتا ہے بلکہ معاشرے کے کمزور طبقات کا احساس بھی دلاتا ہے۔ انہوں نے اتحاد، رواداری اور خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔تقریب کا مقصد نہ صرف افطار کا اہتمام کرنا تھا بلکہ مختلف مذاہب اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی احترام کو بھی فروغ دینا تھا۔وائس چئیرمین عمیر یعقوب نے تنظیم کے اغراض و مقاصد بیان کئےاس موقع پر ون نیشن اس کے بانی اور سابق صدر میاں ندیم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ون نیشن اس کے نو منتخب صدر آصف بھلی کا کہنا تھا کہ تنظیم کے آغاز سے ہی اس سے منسلک ہوں اور اب اس منصب پر فائز ہونے کے بعدمزید زمہ داریوں کی ادائیگی کا موقع ملا ہےتقریب میں شریک مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ رمضان کا مہینہ صبر، ہمدردی، ایثار اور باہمی اتحاد کا درس دیتا ہے، اور اسی جذبے کے تحت اس پروگرام کا انعقاد کیا گیا تاکہ کمیونٹی کے افراد ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر بھائی چارے کو فروغ دے سکیں۔افطار سے قبل خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک و ملت کی سلامتی، امن اور خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں۔ اذانِ مغرب کے ساتھ ہی شرکاء نے اجتماعی طور پر افطار کیا، جس کے بعد عشائیہ پیش کیا گیا۔ شرکاء نے تقریب کے منظم انعقاد اور پرخلوص میزبانی کو سراہا جبکہ منتظمین نے آئندہ بھی اسی نوعیت کی سماجی و فلاحی سرگرمیوں کے انعقاد کے عزم کا اظہار کیا۔