امریکہ کے مشرقی ساحل پر شدید برفانی طوفان نے ہنگامی صورتحال پیدا کر دی ہے، جہاں حکام نے اسے ممکنہ طور پر تاریخی قرار دیتے ہوئے لاکھوں افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق یہ طوفان تیزی سے شدت اختیار کرتے ہوئے “بم سائیکلون” میں تبدیل ہو گیا ہے، جس کے باعث تیز ہوائیں، شدید برفباری اور سفری نظام متاثر ہو رہا ہے۔
امریکہ میں ویدر چینل کے ماہر مائیک بیٹیز کے مطابق بم سائیکلون کی اصطلاح 1948 میں ایجاد ہوئی تھی۔ ہر ایسے طوفان کو بم سائیکلون کہا جاتا ہے جو کسی علاقے میں ہوا کا دباؤ نہایت تیزی سے گرنے کے سبب پیدا ہو۔ویسے تو تقریباً تمام طوفان ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے پیدا ہوتے ہیں لیکن جب کسی علاقے میں 24 گھنٹے کے اندر اندر ہوا کا دباؤ 24 ملی بار سے زیادہ کم ہوجائے تو اسے بمبو جینیسس کہتے ہیں۔ یہ لفظ دو انگریزی الفاظ بم اور سائیکلوجینیسس یعنی سائیکلون بننے کے عمل کا مجموعہ ہے۔ بمبوجینیسس کے سبب پیدا ہونے والے طوفان کو بم سائیکلون کہا جاتا ہے۔بم سائیکلون کے دوران زوردار برفباری ہوتی ہے اور تیز ہوائیں چلتی ہیں۔ اڑتی پھرتی برف اور حد نگاہ کم ہو جانے کے سبب ایسے حالات میں سفر کرنا ممکن نہیں رہتا۔بم سائیکلون عام برفباری سے یکسر مختلف ہوتا ہے۔ اس طوفان کے آتے ہی درجہ حرارت تیزی سے گرتا ہے۔۔موسمی اداروں کے مطابق اس طوفان سے 6 کروڑ 50 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو سکتے ہیں جبکہ ورجینیا سے مین تک کروڑوں افراد کو بلیزارڈ وارننگ جاری کی گئی ہے۔ تیز ہواؤں اور بھاری برف کے باعث درخت گرنے، بجلی کی لائنیں متاثر ہونے اور بڑے پیمانے پر بجلی کی بندش کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں، اور اب تک لاکھوں صارفین بجلی سے محروم ہو چکے ہیں۔مشرقی ساحل کی مختلف ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔ نیو جرسی میں حکام نے اسے 1996 کے بعد کا بدترین طوفان قرار دیا ہے جبکہ نیویارک میں بھی غیر معمولی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق اگر برفباری دو فٹ تک پہنچ گئی تو یہ شہر کی تاریخ کے بڑے برفانی طوفانوں میں شامل ہو سکتی ہے، جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں اور نقل و حمل کا نظام تقریباً معطل ہو گیا ہے، حتیٰ کہ تھیٹر اور عوامی تقریبات بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔