vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک: نشے میں ڈرائیونگ کے واقعے کو چھپانے پر دو پولیس اہلکاروں پر فردِ جرم

0

نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے دو اہلکاروں پر آف ڈیوٹی پولیس افسر کی نشے میں ڈرائیونگ کے حادثے کو مبینہ طور پر چھپانے کے الزام میں فردِ جرم عائد کر دی  گئی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز کے مطابق مائیکل کیلیگیوری اور ریان میک لافلن اکتوبر 2024 میں مین ہٹن کے علاقے ویسٹ 26 اسٹریٹ اور ایٹھ ایونیو پر پیش آنے والے حادثے کی اطلاع پر موقع پر پہنچے۔ ایک شہری نے 911 پر کال کر کے نشے میں دھت ڈرائیور کی اطلاع دی تھی، جس نے خود کو پولیس افسر بھی ظاہر کیا تھا۔استغاثہ کا کہنا ہے کہ دونوں اہلکاروں نے واقعے کے دوران اپنے ذاتی فونز پر ایک دوسرے کو پیغامات بھیجے اور باڈی کیمروں کا رخ اس طرح موڑا کہ کم سے کم ریکارڈنگ ہو۔ مزید یہ کہ متعلقہ افسر ایلی گارسیا کو بغیر اجازت موقع سے جانے دیا گیا اور اس بارے میں ریڈیو پر کوئی اطلاع بھی نہیں دی گئی۔بعد ازاں چند گھنٹوں کے اندر ایک ڈیوٹی افسر نے مذکورہ پولیس اہلکار کی گاڑی غیر قانونی طور پر کھڑی پائی اور اسے نشے کی حالت میں گرفتار کر لیا۔ بعد میں اس نے نشے میں ڈرائیونگ کا اعتراف کیا، جس کے نتیجے میں اس کا ڈرائیونگ لائسنس معطل کر دیا گیا، جرمانہ عائد ہوا اور وہ محکمہ پولیس سے مستعفی ہو گیا۔ حکام کے مطابق دونوں اہلکاروں کے خلاف مقدمے کی کارروائی جاری ہے اور کیس میں مزید قانونی مراحل طے کیے جا رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.