vosa.tv
Voice of South Asia!

ون پولیس پلازہ میں پری رمضان کانفرنس، عبادت گاہوں کے تحفظ پر زور

0

نیویارک میں رمضان المبارک کی تیاریوں کے سلسلے میں نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پری رمضان کانفرنس منعقد کی گئی جس میں مسلم کمیونٹی کو مکمل تعاون اور سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔

ون پولیس پلازہ میں منعقدہ اس کانفرنس میں پولیس کمشنر جیسیکا ٹِش، انٹیلی جنس اینڈ کاؤنٹر ٹیررازم بیورو کی ڈپٹی کمشنر ربیکا وینر، دیگر اعلیٰ افسران اور مسلمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز امریکی قومی ترانے اور تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جبکہ نیویارک پولیس کے مسلمان چیپلن امام طاہر نے قرآن و حدیث کی روشنی میں رمضان المبارک کی اہمیت اور فضیلت پر روشنی ڈالی۔پولیس کمشنر جیسیکا ٹِش اور ڈپٹی کمشنر ربیکا وینر نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہر میں نفرت انگیز جرائم اور اسلاموفوبیا کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس رمضان کے دوران عبادت گاہوں اور کمیونٹی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر متحرک رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر شہری کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔کانفرنس میں مختلف علاقوں کی مساجد اور اسلامک سینٹرز کے ائمہ، کمیونٹی رہنما اور فلاحی و سماجی تنظیموں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ ہیٹ کرائم یونٹ کے کمانڈنگ آفیسر بیکھم بیکاج اور ریسرچ اسپیشلسٹ گریس بسٹول نے بتایا کہ موجودہ عالمی حالات کے پیش نظر سیکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنائے گئے ہیں اور پولیس کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔اس موقع پر شرکاء کو پولیس کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں پر مبنی ایک دستاویزی ویڈیو بھی دکھائی گئی۔ مسلم آفیسرز سوسائٹی کے نائب صدر لیفٹیننٹ علی ہمو توغلو نے بتایا کہ ڈیپارٹمنٹ میں ساڑھے تین ہزار سے زائد مسلمان افسران اور اہلکار خدمات انجام دے رہے ہیں، جو کمیونٹی اور پولیس کے درمیان مضبوط رابطے کی علامت ہیں۔پولیس حکام نے حاضرین کو ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر 911 پر اطلاع دی جائے۔ مسلم کمیونٹی کے نمائندوں نے رمضان کے موقع پر سیکیورٹی اقدامات کی یقین دہانی پر پولیس ڈیپارٹمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.