مین ہٹن کے علاقے ماربل ہل میں آئی سی ای کی کارروائی کے دوران فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، جبکہ گاڑی میں موجود 5 سالہ بچہ محفوظ رہا۔
حکام کے مطابق ماربل ہل ایونیو کے قریب آئی سی ای اہلکار نے مشتبہ شخص کی ہونڈا گاڑی کی ونڈ اسکرین پر متعدد فائر کیے۔ حکام کے مطابق آئی سی ای اہلکار جولائی 2025 میں فورٹ واشنگٹن پارک میں آف ڈیوٹی کسٹمز اہلکار کی فائرنگ میں ملوث شخص کو گرفتار کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق مشتبہ شخص ڈومینیکن ریپبلک کا شہری ہے جس پر چوری اور تشدد سمیت متعدد مقدمات درج ہیں اور ٹرینیٹاریوس گینگ سے تعلق ہے۔ پولیس کمشنر جیسیکا ٹِش نے بتایا کہ آئی سی ای اہلکار نے کم از کم 7 گولیاں چلائیں، جن میں سے ایک 28 سالہ ڈرائیور کی گردن میں لگی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی کو طبی امداد دی اور نیویارک پریسبیٹیرین ایلن اسپتال منتقل کیا، جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ حکام کے مطابق بچے کو محفوظ حالت میں ملا اور اسے خاندان کے کسی فرد کے سپرد کردیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے وقت اسکولوں سے نکلنے والے بچوں اور مسافروں سے سڑکیں بھری ہوئی تھیں، جہاں خودکار رائفل سے فائرنگ کی آواز سنائی دی۔ واقعے کے بعد ہنگامی عملہ طویل عرصے تک موقع پر موجود رہا، جبکہ شام کو سینکڑوں مظاہرین اس اسپتال کے باہر جمع ہوگئے جہاں زخمی شخص کا علاج جاری ہے۔