نیویارک کے محکمہ صحت نے کوئنز کے علاقے میں واقع نارتھ شور ٹاورز میں لیجیونیئرز بیماری کے 2 تصدیق شدہ کیسز کے بعد تحقیقات شروع کردیں۔
حکام کے مطابق محکمہ صحت عمارت کے گرم پانی کے نظام کا جائزہ لے رہا ہے، تاہم ابھی تک لیجیونیلا بیکٹیریا کی عمارت میں موجودگی کی تصدیق نہیں ہوسکی، اور یہ کسی وباء کی تحقیقات نہیں ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق ارد گرد کی کمیونٹی کیلئے کوئی خطرہ نہیں، اور عمارت کا نلکے کا پانی پینا محفوظ ہے، تاہم رہائشیوں کو حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کا کہا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ تحقیقات اپر ایسٹ سائیڈ اور ساؤتھ برونکس میں ہونے والی سابقہ تحقیقات سے مختلف ہے، کیونکہ اس بار کولنگ ٹاورز کا جائزہ نہیں لیا جارہا۔ عمارت کے رہائشیوں کے اہل خانہ نے تشویش کا اظہار کیا ہے، خاص طور پر وہ جن کے بزرگ رشتہ دار یہاں مقیم ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق عمارت کی انتظامیہ کو صورتحال سے آگاہ کردیا گیا ہے اور رہائشیوں کو مزید ہدایات فراہم کی جائیں گی۔ ماہرین کے مطابق لیجیونیئرز بیماری نمونیا کی ایک شدید قسم ہے جو لیجیونیلا بیکٹیریا پر مشتمل بخارات کے سانس کے ذریعے جسم میں جانے سے ہوتی ہے، اور یہ عام طور پر ایک شخص سے دوسرے میں منتقل نہیں ہوتی۔ علامات میں کھانسی، بخار، سردی لگنا اور سانس لینے میں دشواری شامل ہیں، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ جلد علاج شروع ہونے سے پیچیدگیوں کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔