vosa.tv
Voice of South Asia!

ماں کے بعد بیٹے کا بھی 65 ملین ڈالر میڈی کیڈ فراڈ کے جرم کا اعتراف

0

امریکی شہر نیویارک کے علاقے بروکلین میں 65 ملین ڈالر کے میڈی کیڈ فراڈ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، فراڈ اسکیم کی مرکزی ملزمہ زکیہ خان کو سزا سنائے جانے کے بعد ان کے بیٹے احسن اعجاز نے بھی جرم کا اعتراف کرلیا۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 29 سالہ احسن اعجاز نے میڈی کیڈ سے تقریباً 65 ملین ڈالر کے فراڈ کی سازش میں جرم قبول کیا ہے۔ وہ بروکلین میں قائم دو سوشل ایڈلٹ ڈے کیئر مراکز اور ایک ہوم ہیلتھ کیئر کمپنی کا شریک مالک تھا۔حکام کے مطابق تقریباً سات سال تک جاری رہنے والی اس اسکیم میں میڈی کیڈ مستحقین کو نقد رشوت اور غیر قانونی ادائیگیاں کرکے مخصوص مراکز میں رجسٹر کروایا گیا، جبکہ ایسی طبی اور نگہداشت کی خدمات کے لیے بھی میڈی کیڈ سے رقم وصول کی گئی جو حقیقت میں فراہم نہیں کی گئیں۔ بعض معاملات میں ایسے افراد کے نام پر بھی بل جمع کرائے گئے جو اس وقت امریکا سے باہر موجود تھے۔یہ کیس اس وقت منظر عام پر آیا جب اکتوبر 2024 میں امریکی محکمہ انصاف نے زکیہ خان اور احسن اعجاز سمیت آٹھ افراد پر تقریباً 68 ملین ڈالر کی میڈی کیڈ فراڈ اسکیم میں فردِ جرم عائد کی۔ حکام کے مطابق دونوں سوشل ایڈلٹ ڈے کیئر مراکز اور ہوم ہیلتھ کیئر سے متعلق کمپنی چلا رہے تھے، جہاں مبینہ طور پر رشوت، جعلی بلنگ اور فراڈ سے حاصل رقم کو مختلف کاروباری اداروں کے ذریعے چھپانے کا نظام استعمال کیا گیا۔اس کیس میں احسن اعجاز کی والدہ زکیہ خان نے اگست 2025 میں جرم قبول کیا تھا۔ رواں سال ستمبر میں وفاقی عدالت نے انہیں 76 ماہ قید کی سزا سنائی، جبکہ عدالت نے 56 ملین ڈالر سے زائد رقم بطور ہرجانہ ادا کرنے اور تقریباً 5 ملین ڈالر کے فراڈ سے حاصل اثاثے ضبط کرنے کا حکم بھی دیا۔اب احسن اعجاز بھی اسی کیس میں جرم قبول کرنے والا دسواں ملزم بن گیا ہے۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق اسے زیادہ سے زیادہ 10 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے، جبکہ اس کی سزا کا تعین وفاقی عدالت کرے گی۔ احسن اعجاز کی سزا سنانے کی کارروائی 10 مارچ 2027 کو مقرر کی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.