میئر زہران ممدانی نے تقریباً 20 سال میں پہلی بار نیویارک کے فنکاروں اور چھوٹی غیرمنافع بخش تنظیموں کیلئے شہری گرانٹس کی حد 5 ہزار ڈالر سے بڑھا کر 10 ہزار ڈالر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حکام کے مطابق محکمہ کلچرل افیئرز ہر سال پانچوں بورو میں مقامی اداروں کے ذریعے فلم سازوں، رقاصوں، مصنفین اور مصوروں سمیت مختلف فنکاروں کو فنڈنگ فراہم کرتا ہے۔ میئر ممدانی نے کہا کہ فنکار بھی عام نیویارک شہریوں کی طرح محنت کش ہیں، مگر کرایوں اور دیگر اخراجات میں اضافے کے باوجود ان کی گرانٹس گزشتہ 20 سال سے یکساں رہی ہیں، اور اب یہ رقم دگنی کرکے انہیں شہر میں رہنے کے قابل بنایا جارہا ہے۔ حکام کے مطابق برونکس، بروکلین، مین ہٹن اور کوئنز میں درخواستیں موصول ہونا شروع ہوگئی ہیں، جبکہ اسٹیٹن آئی لینڈ کا درخواستی عمل نومبر میں شروع ہوگا۔ ڈیپارٹمنٹ آف کلچرل افیئرز کے مطابق میٹریلز فار دی آرٹس پروگرام کے تحت گرانٹ حاصل کرنے والے فنکاروں کیلئے اکتوبر سے ہر ماہ کے پہلے پیر کو مفت آرٹ میٹریل کا خصوصی دن بھی مختص کیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق یہ پروگرام سالانہ 40 لاکھ پاؤنڈ عطیہ شدہ میٹریل غیرمنافع بخش اداروں اور شہری ثقافتی پروگراموں کو مفت فراہم کرتا ہے۔