پاکستانی شہری پرامریکامیں126ملین ڈالرکےمبینہ فراڈ کا الزام،جعلی پوسٹل لیبلزکی آن لائن فروخت
نیویارک (نیوزڈیسک)امریکا میں پاکستانی شہری پر امریکی پوسٹل سروس کو 126 ملین ڈالر سے زائد کا مبینہ نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔امریکی محکمۂ انصاف کے مطابق خانیوال سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ فہیم اکرم پر جعلی امریکی پوسٹل لیبلز آن لائن فروخت کرنے کے الزام میں فردِ جرم عائد کی گئی ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق فہیم اکرم مبینہ طور پر لیبلزبینک ڈوٹ کوم نامی ویب سائٹ چلا رہے تھے، جہاں جعلی پوسٹل لیبلز تقریباً 2 ڈالر فی لیبل میں فروخت کیے جاتے تھے۔تحقیقات کے مطابق 5 ہزار 200 سے زائد افراد نے ویب سائٹ سے 5.1 ملین سے زیادہ جعلی شپنگ لیبلز خریدے، جس سے امریکی پوسٹل سروس کو 126 ملین ڈالر سے زیادہ کا مبینہ نقصان ہوا۔امریکی حکام نے عدالت کے حکم کے بعد ویب سائٹ بند کرکے اس کا ڈومین ضبط کرلیا ہے۔فہیم اکرم پر امریکا کو دھوکا دینے کی سازش، جعلی ڈاک ٹکٹ لیبلز کی تیاری و فروخت اور وائر فراڈ سمیت متعدد الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ جرم ثابت ہونے کی صورت میں بعض الزامات میں 20 سال تک قید ہوسکتی ہے۔