vosa.tv
Voice of South Asia!

صومالیہ میں بحری جہاز پر قزاقوں کی فائرنگ، 3 پاکستانیوں سمیت 5 جاں بحق

0

صومالیہ کے قریب ہائی جیک کیے گئے بحری جہاز ’’آنر 25‘‘ پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران قزاقوں کی فائرنگ سے 3 پاکستانیوں سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔

جہاز کے عملے کے مطابق جاں بحق پاکستانیوں میں سیکنڈ آفیسر کاشف عمر، تھرڈ انجینئر محمود انصاری اور آئلر رفیع اللہ خان شامل ہیں، جبکہ ایک بھارتی شہری اور میانمار سے تعلق رکھنے والا چیف انجینئر بھی ہلاک ہوئے۔جہاز کے سیکنڈ انجینئر محمد حسین یوسف کے مطابق حملے میں فور تھ انجینئر عثمان، عقیل، امین اور ایک انڈونیشیائی شہری زخمی ہوئے۔ فائرنگ کے دوران جہاز کا اسٹیئرنگ سسٹم بھی متاثر ہوا، جس کے باعث اسے دوسرے بحری جہاز کے ذریعے کھینچ کر منتقل کیا جا رہا ہے۔عملے کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشیں تاحال جہاز پر موجود ہیں جبکہ زخمیوں کو طبی امداد نہیں مل سکی۔ عملے نے حکومت سے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں اور لاشوں کی منتقلی کے لیے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق عملے کا اپنے اہل خانہ سے رابطہ بھی منقطع ہے اور جہاز کو واسوکو منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں پہنچنے میں تقریباً تین دن لگ سکتے ہیں۔’’آنر 25‘‘ اس سے قبل اپریل میں بھی خبروں میں آیا تھا، جب جہاز پر موجود پاکستانی عملے کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی۔ رپورٹس کے مطابق ۲۱ اپریل کو صومالیہ کے ساحل کے قریب مسلح افراد نے جہاز کو ہائی جیک کرلیا تھا۔سیکیورٹی حکام کے مطابق اس وقت جہاز پر انڈونیشیائی کپتان اور 11 پاکستانیوں سمیت مجموعی طور پر 17 افراد سوار تھے۔ بعد ازاں عملے کو جہاز کے ایک تنگ کمرے میں محدود رکھنے کی ویڈیوز بھی سامنے آئیں، جس پر مغویوں کے اہل خانہ میں تشویش پھیل گئی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.