نیویارک کے میئر زوہران ممدانی اور اسکولز چانسلر کمار سمیولز نے سرکاری اسکولوں کے خریداری اور معاہدوں کے نظام میں بڑی اصلاحات کا اعلان کردیا، جس سے دو مالی سالوں کے دوران 100 ملین ڈالر سے زائد کی بچت متوقع ہے۔
نیویارک سٹی انتظامیہ کے مطابق اصلاحات کا مقصد پرانے اور پیچیدہ نظام کو جدید بنانا، غیر ضروری معاہدے ختم کرنا، مسابقتی بنیاد پر دوبارہ بولیاں طلب کرنا اور سرکاری رقم کے استعمال میں شفافیت و جواب دہی بہتر بنانا ہے۔نئے نظام کے تحت اسکولوں میں خریداری کے ذمہ دار ملازمین کو جامع تربیت دی جائے گی جبکہ 20 سال سے زائد عرصے سے مؤثر طور پر اپ ڈیٹ نہ ہونے والے معاہدہ انتظامی سافٹ ویئر کو بھی تبدیل کیا جائے گا۔حکام کے مطابق اسکولوں اور سامان فراہم کرنے والوں کیلئے خریداری کے عمل کی واضح مدت مقرر کی جائے گی تاکہ غیر ضروری تاخیر کم ہو اور طلبہ و اساتذہ کو درکار وسائل بروقت دستیاب ہوسکیں۔میئر ممدانی کا کہنا ہے کہ اصلاحات سے ٹیکس دہندگان کے 100 ملین ڈالر سے زائد بچانے کے ساتھ اسکولوں کو ضروری سامان زیادہ تیزی سے فراہم کرنے اور ہر سرکاری ڈالر کو ذمہ داری سے خرچ کرنے میں مدد ملے گی۔