اقوام متحدہ کے ادارے یو این ویمنز نے تھائی لینڈ کے شہر بینکاک میں کمیونیکیشن اینڈ ایونٹس انٹرن کی 4 ماہ کی انٹرن شپ کیلئے درخواستیں طلب کرلی ہیں، جس میں منتخب امیدوار کو ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔
یہ کل وقتی انٹرن شپ ایشیا اور بحرالکاہل کیلئے یو این ویمنز کے دفتر میں ہوگی، جہاں انٹرن کو خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے، ابلاغ، تقریبات کے انعقاد، وکالت اور مختلف شراکت داروں سے رابطوں کے حوالے سے عملی تجربہ حاصل ہوگا۔انٹرن کی ذمہ داریوں میں تقریبات کی منصوبہ بندی، شرکا کی رجسٹریشن، دعوت ناموں اور اجلاسوں کی تیاری، سوشل میڈیا و ویب سائٹ کیلئے مواد تیار کرنا، دستاویزات کی تدوین، معلومات کا انتظام اور متعلقہ اداروں سے رابطہ شامل ہوگا۔انٹرن کو اکتوبر 2026 میں بینکاک میں ہونے والے ایس وی آر آئی فورم کی تیاری میں بھی معاونت کرنا ہوگی۔ اس کے علاوہ خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کیلئے 16 روزہ آگاہی مہم اور عالمی یومِ مہاجرین سے متعلق سرگرمیوں میں بھی حصہ لینا ہوگا۔امیدواروں کیلئے مضبوط تحریری اور ابلاغی صلاحیتوں کے ساتھ مائیکروسافٹ ورڈ، ایکسل اور پاورپوائنٹ کا استعمال جاننا ضروری ہے۔ یو این ویمنز کے مطابق ایسے انٹرنز جو کسی دوسرے ادارے یا یونیورسٹی سے مالی معاونت حاصل نہیں کر رہے ہوں گے، انہیں بنیادی اخراجات میں جزوی مدد کیلئے وظیفہ دیا جائے گا۔ امیدواروں کو درخواست فارم میں اپنی تعلیم اور ملازمت کا مکمل ریکارڈ فراہم کرنا ہوگا۔