vosa.tv
Voice of South Asia!

بھارتی پولیس اہلکار نے 20 برس میں قدیم سکوں کا نایاب خزانہ جمع کرلیا

0

نیویارک (نیوزڈیسک)پولیس اہلکاروں کو آپ نے جرائم کا سراغ لگاتے تو بہت دیکھا ہوگا، لیکن بھارت میں ایک پولیس اہلکار ایسا بھی ہے جو مجرموں نہیں بلکہ تاریخ کے نشانات کا پیچھا کرتا ہے۔آندھرا پردیش کے اس پولیس ہیڈ کانسٹیبل نے دو دہائیوں میں ایسے قدیم سکے جمع کرلیے ہیں جو موریہ سلطنت سے لے کر مغل اور برطانوی دور تک برصغیر کی تاریخ اپنے اندر سموئے ہوئے ہیں۔یہ شوق کیسے شروع ہوا اور پھر زندگی کے مشکل حالات میں یہی شوق ان کے لیے ذہنی سکون کا ذریعہ کیسے بن گیا؟دیکھیے یہ رپورٹ۔

یہ کوئی عام سکے نہیں یہ دھات کے وہ چھوٹے چھوٹے ٹکڑے ہیں جن پر صدیوں پرانی تاریخ نقش ہے۔بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے شہر تروپتی میں تعینات پولیس ہیڈ کانسٹیبل تھماپورم سریش ریڈی نے تقریباً دو دہائیوں میں قدیم سکوں کا ایک نایاب ذخیرہ جمع کیا ہے۔

ان کے مجموعے میں موریہ اور ساتواہنا ادوار، مغل سلطنت اور برطانوی دور کے سونے، چاندی اور تانبے کے سکے شامل ہیں۔صرف سکے ہی نہیں سریش ریڈی نے مختلف تاریخی ادوار کے ڈاک ٹکٹ بھی محفوظ کر رکھے ہیں۔یوں ان کا مجموعہ برصغیر کی سیاسی، ثقافتی اور معاشی تاریخ کی ایک منفرد جھلک پیش کرتا ہے۔سریش ریڈی کا یہ شوق نیا نہیں وہ بتاتے ہیں کہ انہیں بچپن ہی سے ڈاک ٹکٹ جمع کرنے کا شوق تھا۔ چھٹی اور ساتویں جماعت میں ہی انہوں نے پرانے سکے بھی جمع کرنا شروع کر دیے تھے۔1988میں پولیس میں بھرتی ہونے کے بعد زندگی کی مصروفیات بڑھ گئیں، لیکن 2005 میں تروپتی تبادلہ ہوا تو بچپن کا شوق ایک بار پھر جاگ اٹھا۔

سکے جمع کرنے کا سلسلہ آگے بڑھا تو شوق صرف ذخیرہ جمع کرنے تک محدود نہ رہا۔اب سریش ریڈی ہر سکے کے پیچھے چھپی تاریخ، حکمران اور اس دور کی تہذیب و معیشت کو جاننے میں بھی دلچسپی لینے لگے۔ان کے لیے یہ سکے صرف خرید و فروخت کی چیز نہیں یہ ماضی کے وہ خاموش گواہ ہیں، جو صدیوں بعد بھی اپنے دور کی کہانی سناتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.