vosa.tv
Voice of South Asia!

پاکستانی سفیر فواد شیر کی نومنتخب او آئی سی سیکریٹری جنرل سے ملاقات

0

جدہ: او آئی سی میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر سید محمد فواد شیر نے جدہ میں تنظیم کے سیکریٹریٹ میں نومنتخب سیکریٹری جنرل اسماعیل ولد الشیخ احمد سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران سفیر فواد شیر نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی جانب سے نومنتخب سیکریٹری جنرل کے نام تہنیتی خط پیش کیا اور پاکستانی قیادت کی جانب سے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سفیر فواد شیر نے کہا کہ اتفاقِ رائے سے سیکریٹری جنرل او آئی سی کا انتخاب ان کی مدبرانہ اور سفارتی صلاحیتوں پر رکن ممالک کے اعتماد کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے بانی رکن کی حیثیت سے پاکستان تنظیم کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور اس کے مختلف اقدامات میں فعال کردار ادا کرتا رہا ہے۔سفیر نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی او آئی سی کے مختلف اقدامات میں خصوصی دلچسپی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ تنظیم کی مختلف تقریبات میں باقاعدگی سے شرکت اور ان کی سرپرستی کرتے ہیں۔سید محمد فواد شیر نے نومنتخب سیکریٹری جنرل کو رواں سال او آئی سی کے ساتھ پاکستان کے اعلیٰ سطحی اور کثیرالجہتی روابط سے بھی آگاہ کیا، جن میں رواں سال نومبر میں منعقد ہونے والا 18واں او آئی سی تجارتی میلہ بھی شامل ہے۔نومنتخب سیکریٹری جنرل او آئی سی اسماعیل ولد الشیخ احمد نے او آئی سی سیکریٹریٹ کا دورہ کرنے اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا تہنیتی خط پہنچانے پر سفیر فواد شیر کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار جیسے مدبر رہنماؤں کی جانب سے ملنے والی گرمجوشی اور حمایت سے متاثر ہیں اور او آئی سی رکن ممالک کی اجتماعی امنگوں کے حصول کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔اسماعیل ولد الشیخ احمد نے پاکستانی قیادت کے لیے تشکر اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان مسلم امہ کے مشترکہ مفادات سے متعلق اہم معاملات کو آگے بڑھانے میں اپنا روایتی اور فعال کردار جاری رکھے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.