نیویارک کے اپر ایسٹ سائیڈ میں لیجینئیرز بیماری کے پھیلاؤ نے مزید دو جانیں لے لیں، جس کے بعد وبا سےمرنے والے افراد کی تعداد 11 ہوگئی ہے، جبکہ مجموعی طور پر 94 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
نیویارک سٹی محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ افراد میں بیماری کی آخری تشخیص چھ ہفتے قبل ہوئی تھی، جبکہ اسپتال میں داخل تمام مریضوں کو اب ڈسچارج کیا جا چکا ہے۔حکام کے مطابق متاثرہ علاقے میں درجنوں عمارتوں کے کولنگ ٹاورز میں لیجینیلا بیکٹیریا کی موجودگی کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد ان عمارتوں کے مالکان کو کولنگ ٹاورز خالی کرنے، صفائی اور جراثیم کشی کے احکامات جاری کیے گئے۔محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقے میں شامل 10128، 10028 اور 10075 زِپ کوڈز کے رہائشیوں کو اب بیماری کے جراثیم سے متاثر ہونے کا خطرہ نہیں سمجھا جا رہا۔تاہم حکام ابھی تک اس بات کا تعین نہیں کر سکے کہ بیماری کے پھیلاؤ کا اصل مرکز یا ذریعہ کون سا تھا۔ محکمہ صحت کے مطابق تحقیقات جاری ہیں اور اس حوالے سے نتائج ستمبر میں سامنے آنے کی توقع ہے۔نیویارک سٹی کونسل نے بھی اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے بدھ کو ہونے والی سماعت میں وبا کا تفصیلی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کونسل اسپیکر جولی مینن کے مطابق اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ یہ افسوسناک صورتحال کیسے پیدا ہوئی اور مستقبل میں نیویارک کے شہریوں کو بہتر تحفظ فراہم کرنے کے لیے مزید کون سے اقدامات ضروری ہیں۔دوسری جانب گورنر کیتھی ہوکل نے رواں ماہ کولنگ ٹاورز کے معائنے کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نئی قانون سازی پر دستخط کیے ہیں۔