نیویارک کے میئر زُہران ممدانی اور محکمہ ویٹرنز سروسز نے نیو یارک روڈ رنرز کے اشتراک سے شہر کی پہلی ریممبرنس رَک کے لیے رجسٹریشن کھول دی۔
یہ خصوصی تقریب 13 ستمبر کو صبح 9 بجے بروکلین کے کیڈمین پلازا سے شروع ہوگی، شرکا بروکلین برج عبور کرتے ہوئے مین ہٹن کے فولی اسکوائر پہنچیں گے۔تقریب میں سابق فوجیوں، حاضر سروس اہلکاروں، ریزروسٹ، فوجی خاندانوں اور عام شہریوں سمیت ہر شخص شرکت کرسکے گا۔تقریب کے اختتام پر سرروگیٹ کورٹ میں ریسورس فیئر منعقد ہوگا، جہاں سابق فوجیوں اور ان کے خاندانوں کو رہائش، صحت، ذہنی صحت، مالی معاونت اور دیگر ضروری سہولیات سے متعلق معلومات اور خدمات فراہم کی جائیں گی۔حکام کے مطابق رَک کا مقصد فوجی برادری کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ انہیں عملی معاونت اور ضروری وسائل تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔