vosa.tv
Voice of South Asia!

نیوجرسی:سیاسی پناہ کے انٹرویو سے قبل پاکستانی نوجوان محمد بیگ گرفتار

0

امریکا میں  تارکینِ وطن کی گرفتاری کا انوکھا واقعہ۔۔پاکستان سے  گیارہ سال  قبل   کم عمری  میں اپنے  خاندان کے  ہمرہ امریکا ہجرت کرنے والے نوجوان   محمد  بیگ  کو  امیگریشن اینڈ کسٹم انفورسمنٹ  نے نیوجرسی میں انٹرویو سے قبل  ہی یو ایس سٹیزن  شپ  اینڈ امیگریشن سروسز  کے دفتر کےباہر  سےگرفتار کرلیا۔متاثرہ  فیملی نے  اعلیٰ  حکام  سے  انصاف کی اپیل  کردی ۔

پاکستان  نژاد 21 سالہ محمد  بیگ  کم و بیش  11 سال  قبل کم عمری  میں   اپنے والدین اور بھائی   بہن امریکا کے ہمراہ  منتقل  ہوئے۔خاندان کے سربراہ  امجد بیگ  جنھوں نے  اس وقت سیاسی  پناہ کی درخواست  دائر کردی تھی  ، ان  کا یہ  بتانا ہے کہ اسائلم کی درخواست کے  تقریباً گیارہ  سال بعد  30 جولائی کو انھیں  انٹر ویو  کے لیے نیوجرسی میں کے شہر نیووارک میں  واقع یو ایس  سٹیزن  شپ اینڈ امیگریشن  سروسز کے فیلڈ  دفتر  طلب کیا گیا۔ امجد بیگ کے  مطابق وہ   اپنی  اہلیہ،تین بیٹوں اور ایک  بیٹی   کے ساتھ  انٹر ویو  کے لیے  پہنچے تاہم انٹر ویو کی اگلی  تاریخ ملنے پر  دفتر سے باہر نکلے ہی تھے کہ امیگریشن اینڈ  کسٹم  انفورسمنٹ کے  اہلکاروں نے   ان کے  بیٹے محمد  بیگ کو  گرفتار  کرلیا۔اس واقعے پر پاکستانی امریکن کمیونٹی  میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔امجد بیگ نے  وائس آف ساوتھ ایشیا کو بتایا  کہ   جب انھوں نے اپنے بیٹے کی گرفتاری  کی  وجہ  جاننے  کے لیے آئس  اہلکاروں سے دریافت  کیا تو انھیں بتایا گیا   کہ ان کا بیٹا غیر قانونی طور پر امریکا میں مقیم ہے ۔ امجد  بیگ   کے مطابق انھوں نے  امیگریشن پولیس کو کہا کہ سیاسی  پناہ  کے   درخواست گزار  وہ خود ہیں ، ان کا بیٹا   نہیں اور انٹر ویو  میں تاخیر ہونا   انتظامی معاملہ ہے،اس لیے   اگر  مدت سے زائد قیام   کی وجہ سے  گرفتاری  ضروری ہے تو بیٹے کے بجائے انھیں  گرفتار  کیا جائے، تاہم  آئس  اہلکار ان  کے  بیٹے کو حراست میں لے کر اپنے ساتھ لے گئے۔گرفتار  نوجوان کے  والد کا  دعویٰ  ہے کہ ان کے پاس ورک اتھارئزیشن  اور سوشل سیکورٹی   ہے اور وہ ٹیکس  فائلر بھی ہیں  ۔ متاثرہ فیملی نے  بیٹے کی  گرفتاری کے بعد  ڈیموکریٹک  سینیٹر  کوری بوکر کو  خط  لکھا ہے  جس میں  ان سے اپیل کی گئی ہے کہ اس معاملے  پر  فوری  توجہ  دی  جائے  اور  انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں ۔  امجد  بیگ کا کہنا  ہے کہ سینیٹر کوری بوکر کے دفتر نے انھیں یقین دلایا ہے کہ اس معاملے میں ان کی  ہر ممکن  مدد  کی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.