کینیڈا کی یونیورسٹی آف ٹورنٹو نے بین الاقوامی طلبہ کے لیے لیسٹر بی پیئرسن انٹرنیشنل اسکالرشپ 2027 کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں، جس کے تحت منتخب طلبہ کو چار سالہ انڈرگریجویٹ تعلیم کے تمام اخراجات فراہم کیے جائیں گے۔
یونیورسٹی کے مطابق ہر سال دنیا بھر سے صرف 37 طلبہ کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ اسکالرشپ میں مکمل ٹیوشن فیس، کتابوں کے اخراجات، دیگر تعلیمی فیس اور چار سال تک رہائش کی سہولت شامل ہے۔درخواست کے لیے امیدوار کا بین الاقوامی طالب علم ہونا، 2026-27 میں سینئر سیکنڈری تعلیم کے آخری سال میں ہونا یا جون 2026 کے بعد فارغ التحصیل ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ امیدوار کو ستمبر 2027 میں یونیورسٹی آف ٹورنٹو کے انڈرگریجویٹ پروگرام میں داخلہ لینا ہوگا۔اسکالرشپ کے لیے امیدوار کو پہلے اپنے اسکول سے نامزدگی حاصل کرنا ہوگی، کیونکہ ہر اسکول سال میں صرف ایک طالب علم کو نامزد کر سکتا ہے۔اسکالرشپ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 6 نومبر 2026 ہے۔ یونیورسٹی نے خبردار کیا ہے کہ درخواست کا عمل صرف یونیورسٹی کے سرکاری طریقہ کار کے ذریعے مکمل کیا جاتا ہے اور اس کے لیے کوئی فیس وصول نہیں کی جاتی۔