امریکی شہر نیویارک کے علاقے برونکس میں فائرنگ کے نتیجے میں 12 سالہ بچے کی ہلاکت کے مقدمے میں پولیس نے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
نیویارک پولیس کمشنر جیسیکا ٹِش کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت ولیم فیرر کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق واقعہ ہفتے کی شام ماؤنٹ ایڈن میں ایک بقالہ کے باہر پیش آیا، جہاں چند افراد کے درمیان ہاتھا پائی کے دوران ایک شخص نے اچانک فائرنگ کر دی۔ اس دوران قریب اپنی سائیکل کے ساتھ کھڑا 12 سالہ جیکب فریٹس آوارہ گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ زخمی بچہ مدد کے لیے دکان کے اندر بھاگا لیکن چند لمحوں بعد گر کر بے ہوش ہوگیا۔ اسے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔فائرنگ کے واقعے میں 34 سالہ ایک شخص کے پاؤں اور 25 سالہ نوجوان کی کمر کے نچلے حصے پر بھی گولیاں لگیں، تاہم دونوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزم جیپ گاڑی میں فرار ہوگیا تھا، جسے بعد ازاں گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔