نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے کہا ہے کہ مین ہیٹن میں میڈیسن ایونیو اور لیکسنگٹن ایونیو پر دو بڑے بس لین منصوبے مکمل کر لیے گئے ہیں، جن سے روزانہ 1 لاکھ 50 ہزار سے زائد مسافروں کو تیز اور زیادہ قابلِ اعتماد سفری سہولت میسر آئے گی۔
حکام کے مطابق میڈیسن ایونیو پر ایسٹ 23ویں اسٹریٹ سے ایسٹ 42ویں اسٹریٹ تک نئی ڈبل بس لینز قائم کی گئی ہیں، جن سے 34 مقامی اور ایکسپریس بس روٹس پر سفر کرنے والے تقریباً 92 ہزار روزانہ مسافروں کو فائدہ ہوگا۔ شہر کے مطابق اس سے پہلے اس حصے میں بسوں کی اوسط رفتار صرف 4.5 میل فی گھنٹہ رہ گئی تھی، جبکہ اسی نوعیت کی لینز ففتھ ایونیو پر بننے کے بعد مقامی بسوں کی رفتار میں 12 فیصد اور ایکسپریس بسوں کی رفتار میں 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔دوسری جانب لیکسنگٹن ایونیو پر ایسٹ 52ویں سے ایسٹ 60ویں اسٹریٹ تک موجود سڑک کنارے بس لینز کو تبدیل کرکے آف سیٹ بس لینز بنایا گیا ہے، جس سے غیر قانونی پارکنگ اور گاڑیوں کے رکنے سے پیدا ہونے والی رکاوٹیں کم ہوں گی۔ اس راستے پر روزانہ 71 ہزار مسافر برونکس، اسٹیٹن آئی لینڈ اور مین ہیٹن کے درمیان سفر کرتے ہیں۔ شہر کے مطابق 2019 میں اسی طرز کے منصوبے کے بعد اس علاقے میں بسوں کی رفتار 26 فیصد بڑھی جبکہ پیدل چلنے والوں کے زخمی ہونے کے واقعات میں 35 فیصد کمی آئی تھی۔