vosa.tv
Voice of South Asia!

کیلیفورنیا میں مالیاتی فراڈ کا بڑا اسکینڈل، سرمایہ کار نے جرم قبول کر لیا

0

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر فریمونٹ سے تعلق رکھنے والے 52 سالہ سرمایہ کار منگران وانگ نے کئی برسوں تک جاری رہنے والی سیکیورٹیز فراڈ اور مارکیٹ میں ہیرا پھیری کی اسکیم میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق وانگ نے 2021 سے 2024 کے دوران تین ہزار سے زائد مرتبہ غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں کے ذریعے سرمایہ کاروں کو دھوکا دیا۔استغاثہ کے مطابق وانگ نے خود کو گرین روٹس کیپیٹل مینجمنٹ کا بانی اور تجربہ کار سرمایہ کاری مینیجر ظاہر کیا اور مختلف بروکریج اکاؤنٹس استعمال کرتے ہوئے حصص کی قیمتوں میں مصنوعی اتار چڑھاؤ پیدا کیا۔ اس نے "اسپوفنگ” نامی طریقہ استعمال کیا، جس میں جعلی خرید و فروخت کے آرڈر دے کر مارکیٹ میں طلب یا رسد کا غلط تاثر پیدا کیا جاتا ہے اور پھر اصل منافع حاصل کرنے کے بعد وہ آرڈر منسوخ کر دیے جاتے ہیں۔عدالتی دستاویزات کے مطابق وانگ نے کم حجم میں ٹریڈ ہونے والے شیئرز کو نشانہ بنایا اور متعدد اکاؤنٹس کے ذریعے قیمتوں کو اپنے حق میں موڑ کر مالی فائدہ حاصل کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس نے تین ہزار سے زیادہ مرتبہ ایسی دھوکہ دہی پر مبنی ٹریڈنگ کی۔منگران وانگ نے سیکیورٹیز فراڈ سے متعلق ایک الزام میں جرم قبول کر لیا ہے اور 13 لاکھ ڈالر سے زائد غیر قانونی آمدنی ضبط کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے۔ اس کی سزا کا اعلان 30 ستمبر کو کیا جائے گا جبکہ اسے زیادہ سے زیادہ پانچ سال قید کی سزا کا سامنا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.