کینیڈا کے محکمہ امیگریشن، ریفیوجیز اینڈ سٹیزن شپ کینیڈا (IRCC) کے زیر التوا امیگریشن درخواستوں کے بیک لاگ میں مسلسل کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور اپریل 2026 کے اختتام تک یہ جولائی 2025 کے بعد اپنی کم ترین سطح پر آ گیا۔
محکمہ کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق 30 اپریل 2026 تک مجموعی طور پر 21 لاکھ 53 ہزار 900 درخواستیں زیرِ غور تھیں، جن میں سے 12 لاکھ 31 ہزار 200 درخواستیں مقررہ مدت کے اندر نمٹا دی گئیں، جبکہ 9 لاکھ 22 ہزار 700 درخواستیں بیک لاگ میں شامل رہیں۔ مارچ کے مقابلے میں بیک لاگ میں 1.32 فیصد کمی دیکھی گئی۔ ایکسپریس انٹری پروگرام کا بیک لاگ ریکارڈ کم ہو کر صرف 9 فیصد رہ گیا، جبکہ اسٹڈی پرمٹ بیک لاگ میں 5 فیصد کمی آئی۔ دوسری جانب ورک پرمٹ بیک لاگ 34 فیصد سے بڑھ کر 37 فیصد ہو گیا۔اپریل کے اختتام تک مستقل رہائش (پی آر) کی 10 لاکھ 38 ہزار 100 درخواستیں زیرِ کارروائی تھیں۔ ان میں سے 4 لاکھ 80 ہزار 400 درخواستیں مقررہ معیار کے مطابق نمٹائی گئیں جبکہ 5 لاکھ 57 ہزار 700 درخواستیں بیک لاگ میں شامل رہیں۔ فیملی اسپانسرشپ درخواستوں کا بیک لاگ 22 فیصد سے بڑھ کر 23 فیصد ہو گیا، جو اپریل 2023 کے بعد بلند ترین سطح ہے۔ رواں سال یکم جنوری سے 30 اپریل تک 1 لاکھ 55 ہزار 500 مستقل رہائشی درخواستیں نمٹائی گئیں اور 1 لاکھ 12 ہزار 900 نئے مستقل رہائشیوں کا کینیڈا میں خیرمقدم کیا گیا۔عارضی رہائش کے زمرے میں اپریل کے اختتام پر 8 لاکھ 42 ہزار درخواستیں موجود تھیں، جو مارچ کے مقابلے میں 23 ہزار کم ہیں۔ اسٹڈی پرمٹ بیک لاگ 40 فیصد سے کم ہو کر 35 فیصد پر آ گیا، جبکہ وزیٹر ویزا بیک لاگ 46 فیصد سے گھٹ کر 45 فیصد رہا۔ اسی عرصے میں محکمہ نے 1 لاکھ 45 ہزار اسٹڈی پرمٹ اور 6 لاکھ 18 ہزار 500 ورک پرمٹ درخواستوں کو حتمی شکل دی۔شہریت کے حصول کی درخواستوں کی تعداد 2 لاکھ 73 ہزار 800 رہی، جن میں سے 77 فیصد مقررہ وقت کے اندر نمٹائی گئیں جبکہ 23 فیصد درخواستیں بیک لاگ میں شامل رہیں۔ اپریل 2026 کے دوران 24 ہزار 200 افراد نے کینیڈین شہریت حاصل کی۔