vosa.tv
Voice of South Asia!

اسلام آباد مذاکرات خطرے میں؟ نیتن یاہو کا مبینہ خفیہ پلان سامنے آگیا

0

 اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو اور دیگر اسرائیلی سیاستدانوں کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ وہ اسلام آباد میں ہونے والے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کے خواہاں ہیں تاکہ خطے میں جاری جنگی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔

قطر کے نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی قیادت سمجھتی ہے کہ اگر مذاکرات کامیاب ہو گئے تو ایران اور لبنان میں جاری عسکری کارروائیاں محدود ہو سکتی ہیں، جو اس کے اسٹریٹجک مفادات کے خلاف ہے۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مداخلت کے بعد ایران جنگ میں عارضی وقفہ آیا، تاہم اسرائیل اس وقفے کو اپنے لیے نقصان دہ سمجھتا ہے کیونکہ اس کا مؤقف ہے کہ وہ ایران اور لبنان دونوں محاذوں پر برتری حاصل کر رہا تھا۔تجزیہ کاروں کے مطابق اسرائیلی حکومت، جو پہلے ایران اور لبنان کے محاذوں کو الگ قرار دیتی تھی، اب جنوبی لبنان میں پیچیدہ صورتحال کا سامنا کر رہی ہے، جہاں اسے عملی مشکلات درپیش ہیں، اس کے باوجود سخت بیانات اور دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے۔اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے حالیہ بیان میں حزب اللہ کے رہنما نعیم قاسم کو سنگین نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل انہیں ختم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ لبنانی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ حزب اللہ کو غیر مسلح کرے۔اسرائیلی حکام کے مطابق شمالی اسرائیل میں رہنے والے شہری مسلسل راکٹ حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں، جس کے باعث حکومت پر دباؤ ہے کہ وہ مزید سخت اقدامات کرے۔ ان اقدامات میں لبنان میں فوجی موجودگی برقرار رکھنا، مقبوضہ علاقوں سے انخلا سے انکار اور کسی بھی ممکنہ امن معاہدے کو سبوتاژ کرنا شامل ہو سکتا ہے۔مبصرین کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی یہ حکمت عملی ظاہر کرتی ہے کہ وہ خطے میں امن کے بجائے عسکری طاقت کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے کو ترجیح دے رہا ہے، جس کے باعث اسلام آباد میں جاری امن مذاکرات غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو سکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.