اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند طلبہ کے لیے خوشخبری، امریکا کی چیپمین یونیورسٹی نے بیہیویئرل اور کمپیوٹیشنل اکنامکس میں مکمل فنڈڈ ماسٹرز پروگرام (MSBCE) کے لیے 2026 کے داخلوں کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ پروگرام طلبہ کو مکمل مالی معاونت کے ساتھ عالمی معیار کی تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس پروگرام میں منتخب طلبہ کو مکمل ٹیوشن فیس کی سہولت دی جائے گی، جبکہ ریسرچ اسسٹنٹ شپ کے ذریعے اضافی مالی معاونت بھی حاصل کی جا سکتی ہے۔ یہ دو سالہ پروگرام اکنامک سائنس انسٹیٹیوٹ (ESI) کے تحت پیش کیا جا رہا ہے، جہاں طلبہ کو جدید تحقیق اور عملی تجربے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔حکام کے مطابق یہ پروگرام خاص طور پر ان طلبہ کے لیے موزوں ہے جن کا تعلق اکنامکس، کمپیوٹر سائنس، انجینئرنگ، ریاضی، فزکس یا نفسیات جیسے شعبوں سے ہو۔ طلبہ کو عالمی معیار کے اساتذہ کے ساتھ کام کرنے اور ڈیٹا اینالیسز، کمپیوٹیشنل ماڈلنگ اور انسانی رویے پر تحقیق کا عملی تجربہ حاصل ہوگا۔درخواست دینے کے خواہشمند امیدواروں کو آن لائن اپلائی کرنا ہوگا، 60 ڈالر فیس جمع کروانی ہوگی، تعلیمی اسناد، ایک سفارشی خط اور انٹرویو مکمل کرنا ہوگا، جبکہ بین الاقوامی طلبہ کے لیے انگریزی زبان میں مہارت کا ثبوت بھی ضروری ہوگا۔درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 31 مئی 2026 مقرر کی گئی ہے، جبکہ بین الاقوامی طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ویزا کے عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد درخواست دیں۔