نیویارک: کوڑے کرکٹ کے خلاف تاریخی اقدام، ایمپائر بنز منصوبہ مکمل
ویسٹ ہارلم(ویب ڈیسک) نیویارک کے علاقے ویسٹ ہارلم میں صفائی کے حوالے سے ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مین ہٹن کمیونٹی بورڈ 9 کے تحت آنے والے تمام گھروں کا کوڑا اب مکمل طور پر کنٹینرائزڈ نظام کے تحت جمع کیا جائے گا۔
امریکی خبررساں ادارے اے بی سی کے مطابق، اس منصوبے کے تحت سڑکوں پر تقریباً 1,100 نئے کوڑا دان نصب کیے جا چکے ہیں جو شمالی امریکہ میں اپنی نوعیت کا پہلا مکمل منصوبہ ہے۔ یہ کوڑا دان پورے بلاک کے بجائے ہر عمارت کو الگ سے مختص کیے گئے ہیں اور "ایمپائر بنز” کے نام سے جانے جاتے ہیں۔ اس نظام سے ویسٹ ہارلم کے 29,000 سے زائد گھریلو یونٹس مستفید ہوں گے۔ منصوبے کا بنیادی مقصد سڑکوں کی صفائی، گلی کونوں کو کچرے سے پاک رکھنا اور چوہوں کی تعداد کم کرنا ہے۔ شہر کے میئر ایرک ایڈمز نے کہا جب ہم نے چار سال قبل وعدہ کیا تھا کہ ہم نیویارک کی سڑکوں کو صاف اور چوہوں سے پاک کریں گے تو لوگوں نے ہمیں سنجیدہ نہیں لیا۔ لیکن آج ہم نے یہ کر کے دکھا دیا ہے۔ ایمپائر بنز کے لیے روایتی کچرا اٹھانے والی گاڑیاں ناکافی تھیں اس لیے شہر نے یورپ اور جنوبی امریکہ کے صاف ترین شہروں سے متاثر ہو کر مخصوص گاڑیاں ڈیزائن کروائیں۔ عبوری کمشنر خاویر لوہان کا کہنا تھا کہ نیا نظام صفائی کے عملے کی صحت کے لیے بھی بہتر ہے کیونکہ پہلے عملے کو اکثر بھاری تھیلوں سے چوٹ لگتی تھی یا لیپٹوسپائروسس جیسی بیماریوں کا خطرہ ہوتا تھا۔ نیویارک شہر کی تمام کاروباری عمارات کو پہلے ہی مارچ 2023 سے بنز کے استعمال کا پابند بنایا جا چکا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر "ایمپائر بنز” کا یہ ماڈل کامیاب رہا تو اسے شہر کے دیگر علاقوں میں بھی توسیع دی جائے گی۔