vosa.tv
Voice of South Asia!

ایڈمز کا ویٹرنز ویک کے آغاز پر سابق فوجیوں کو خراج تحسین

0

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے "ویٹرنز اینڈ سروس ممبرز ویک” کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق فوجیوں کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

تقریب کے دوران میئر نے نیویارک سٹی کے ان 105 سپاہیوں کو یاد کیا جنہوں نے 11 ستمبر کے بعد عراق، افغانستان اور دیگر عالمی مشنز میں جان کا نذرانہ دیا۔ ان شہدا کی یاد میں کوئنز کے علاقے وائٹ اسٹون میں "فلیمز آف آنر” کے نام سے ایک نئی یادگار قائم کی جائے گی، جس میں پانچ کانسی کے بگلرز، شعلہ نما شیشے کے ستون اور ایک علامتی پرچم شامل ہوگا۔ یہ مقام ان فوجیوں کی قربانیوں کو مستقل طور پر تسلیم اور سراہنے کے لیے مخصوص ہوگا۔ محکمہ امورِ سابق فوجیان کے کمشنر جیمز ہینڈن نے اس یادگار کو ایک ایسی قومی خدمت کی علامت قرار دیا جسے نسل در نسل یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس موقع پر سابق فوجیوں کے لیے پراپرٹی ٹیکس میں چھوٹ، گھر خریدنے کے لیے بلاسود قرض، اور روزگار تک بہتر رسائی جیسے متعدد نئے اقدامات کا بھی اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں محض 24 فیصد سابق فوجی خود کو سرکاری خدمات کے لیے رجسٹر کرواتے ہیں جس میں اضافے کے لیے آگاہی مہم شروع کی گئی ہے۔ کمشنر نے مزید کہا کہ سابق فوجیوں کو درپیش سب سے اہم مسائل میں ذہنی صحت، روزگار اور سستی رہائش شامل ہیں جہاں شہر کی مختلف ایجنسیاں مربوط انداز میں ان مسائل کے حل کے لیے کام کر رہی ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد سابق فوجیوں کو ایک باوقار، مستحکم اور محفوظ زندگی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ شہر میں پُرامن اور خودمختار مستقبل گزار سکیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.